پی پی خواتین ونگ کافریال تالپور کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کا اعلان
پشاور (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ نے ہسپتال سے نیب کی جانب سے فریال تالپور کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے اجلاس میں خواتین ونگ کی صوبائی صدر نگہت اورکزئی نے کیا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مہر سلطانہ بھی موجود تھیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 17 تاریخ بروز ہفتہ پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا گا جس میں کثیر تعداد میں پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی رہنماء شامل ہونگی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سلیکٹڈ مرکزی حکومت سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کرکے اپنی ناکامیاں نہیں چھپا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے نیب کی ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہے۔ بیماری کی حالت میں فریال تالپور کی گرفتاری نے ثابت کردیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی حکومت خواتین سے بھی خوفزدہ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی حکومت کی گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں انہوں نے ہمیشہ عوام کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف انصاف کی مرکزی حکومت عوام کے دلوں سے پیپلزپارٹی کے لئے محبت اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں نہیں نکال سکتی انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عوام مرکزی اور صوبائی حکومت سے سخت نالاں ہیں انہوں نے کہا کہ لگتا ایسا ہے کہ مرکزی حکومت جلد ہی اپنے موت مر جائے گی اور انشائاللہ وہ وقت دور نہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک دفعہ پھر مرکز اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی۔