کشمیر بنے گا پاکستان ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے،جمشید چیمہ

کشمیر بنے گا پاکستان ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے،جمشید چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ بھارت کے اندر بھی اب کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آوازیں بلندہونا شروع ہو گئی ہیں جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ بھارت اب کشمیر پر اپنے تسلط کو زیادہ دیر بر قرار نہیں رکھ سکے گا،کشمیر بنے گا پاکستان ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے جسے بھارت طاقت کے بل بوتے پر دبا نہیں سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت کے یوم آزادی کے دن کو یوم سیاہ کے طو رپر منانے کیلئے منعقدہ ریلی میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن مسرت جمشید چیمہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت نے جس طرح کشمیر کے مسئلے کو دنیا بھرمیں اجاگر کیا ہے گزشتہ کئی دہائیوں میں اس کی مثال نہیں ملتی، سلامتی کونسل کے اجلاس کا منعقدہونا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔


 اور اب امید ہو چلی ہے کہ بھارت کشمیر کے مسئلے کوزیادہ دیردبا کر نہیں رکھ سکتا اور اسے کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق ان کا حق خود اردیت دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی اپنے یوم آزادی پر تقریر ایک شکست خوردہ شخص کی تقریر تھی اور اسے آئندہ بھی شکستوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پوری قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاکستانی قوم نے بھارت کے یوم آزادی پر بھارت کا سیاہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے جس طرح کشمیر یوں سے دل و جان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اس سے بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔