کشمیری اپنی آزادی کی تاریخ اپنے خون سے لکھ رہے ہیں،اعجاز عالم
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹن نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے یوم بھارت کو یوم سیاہ بناکر پوری دنیا میں ثابت کردیا کہ کشمیری اپنی آزادی کی تاریخ اپنے خون سے لکھ رہے ہیں او ر جس تحریک میں خون شامل ہو جائے وہ تحریک کسی جابر سے جابر حکمران کے آگے نہیں رک سکتی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کی کوششوں کی بدولت 72 سالوں میں پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر موثر انداز میں ابھر کر سامنے آیا ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے انسانی حقوق کے کیمپ آفس میں تحریک انصاف کے نمائندگان سے ایک ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مودی سرکار بھارتی آئین سے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت کی حوالے سے شقیں تو ختم کر سکتی ہے لیکن کشمیریوں کے دلوں سے آزادی کی تمنا اور پاکستانیوں کے دلوں سے کشمیریوں کی محبت کبھی ختم نہیں کر سکے گی۔
انہو ں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور موجودہ حکومت کی حقائق پر مبنی کاوشوں کی وجہ سے پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر ابھر کر بین ا لاقوامی فورمز پر آ گیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب بھارت کشمیر کو ان کے جائز حق دینے پر مجبو رہو جائے گا۔