پولیس ہر چیلنج کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،آئی جی پنجاب
لاہور (کر ائم رپو رٹر) آ ئی جی پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے فورس کے نام بھجوائے گئے وائر لیس پیغام میں کہا کہ عید الالضحیٰ، یوم آزادی اور یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کیلئے نکالی جانے والی تمام ریلیوں اور جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے افسران و اہلکار وں نے جو اقدامات کیے وہ بجا طور پر قابل تعریف ہیں۔فورس کے نام اپنے پیغام میں آئی جی پنجاب نے مزید کہا ہے کہ پولیس فورس نے اپنی بہترین کارکردگی سے ثابت کیا کہ وہ ملک کی بہترین فورسز میں سے ایک ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر چیلنج کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے مذہبی مقامات کی سیکیورٹی کے ساتھ صوبے کے تمام اضلاع میں تفریح گاہوں میں آنے والے شہریوں کے تحفظ کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنا کر ثابت کیا کہ پولیس افسران و اہلکار خدمت خلق اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور عوام کی جان ومال اور عزت کے تحفظ کو اپنی عبادت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ عید چھٹیوں کے دوران شاہرات پر ٹریفک مینجمنٹ کے بہترین انتظامات پر ٹریفک پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید الالضحیٰ، یوم آزادی اور یوم سیاہ کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں کے دوران ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کے ساتھ تعاون پر عوام کے بھی بہت مشکور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ پنجاب پولیس کے تمام افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن سے فرائض سرانجام دیں گے۔