تاجروں کی بھارت کیخلاف یوم سیاہ کی ریلی میں شرکت

  تاجروں کی بھارت کیخلاف یوم سیاہ کی ریلی میں شرکت

لاہور(نیوز رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشر ف بھٹی کی قیادت میں تاجروں نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے مال روڈ پر نکالی گئی ریلی میں بھرپور شرکت کی،انار کلی سمیت دیگر بازاروں اور کاروباری مراکز میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کے بینرز آویزاں کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ اشرف بھٹی کی قیادت میں تاجرکشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھار ت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ اشرف بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی قوم نے اپنے یوم آزادی کے دن کو کشمیریوں سے اظہاریکجہتی اور بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طو رپر منا کر کشمیریوں سے اپنے خون کا رشتہ ثابت کر دیا ہے۔ پاکستانی قوم او رتاجر برادری کشمیریوں کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کیلئے بازاوں اور تجارتی مراکز میں بینرز آویزاں کئے جارہے ہیں اور اس کے لئے باضابطہ مہم بھی چلائی جائے گی۔ پوری قوم کو چاہیے کہ وہ کسی بھی طریقے سے پاکستان پہنچنے والی بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرکے کشمیریوں سے اپنے مضبوط رشتے کو ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بربریت کیخلاف دو طرفہ تجارت بند کرنے سے آگے بڑھ کر بھی اگرکوئی اقدام اٹھانا پڑے تو پاکستانی قوم اور تاجر اس کیلئے تیار ہیں اور ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے غلط فیصلے سے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ایک نیا جذبہ او رولولہ ملا ہے اور اب کشمیر کی آزادی زیادہ دور نہیں اور بھارت کو ہر محاذپر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

مزید : کامرس