بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9لاکھ فوجی تعینات کر کے اپنا آخری کارڈ کھیلا: فخر امام
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ بھارت اپنے آپ کو علاقائی پولیس مین بنانا چاہتا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9لاکھ فوجی تعینات کئے ہیں، اس نے اپنا آخری کارڈ کھیلا ہے،کشمیری نڈر قوم ہیں، ایک لاکھ سے زیادہ شہادتیں دے چکے ہیں،پاکستان اور کشمیر کا مستقبل ایک ہے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔گزشتہ روزنیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید فخر امام نے کہا کہ آج سیاہ دن ہے، مقبوضہ کشمیر میں جو حالات پیدا ہوئے ہیں ان کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، بھارت نے وہاں کرفیولگایا ہوا ہے، وہاں انتہا کا ظلم ہو رہا ہے، ہر گھر کے باہر فوجی کھڑے ہیں، فخر امام نے کہا کہ بھارت نے جو قدم اٹھایا ہے وہ انتہا کی طرف چلے گئے، یہ قدم اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی سراسر خلاف ورزی ہے، (آج) سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا ہے، جو کہ پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے، وزیرا عظم عمران خان نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا اور کہا کہ میں آپ کا سفیر بن کر جاؤ ں گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی عظمی ریا ض نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر متنارعہ علاقہ ہے وہاں جو بھی قانون بنیں گے وہ کشمیری عوام کی مرضی سے بنیں گے، کشمیری ہمارے مسلمان بہن بھائی ہیں، ہم ان کو کسی صورت بھارت کے حوالے نہیں کر سکتے، ہم نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانا ہے،اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے حریت رہنماء عبد اللہ گیلانی نے کہا کہ آج کا دن 71سال سے کشمیری قوم یوم ساہ کے طور پر مناتی رہی ہے، بھارت سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن اس کا اصل چہرہ پوری دنیا نے دیکھا ہے، 15لاکھ بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں ہیں، بھارت نے فوج کو ہر گھر کے دروازے پر تعینات کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جانا خوش آئند ہے۔
فخر امام