بھارتی عزائم کی ناکامی کیلئے حکومت پوری طرح کوشاں ہے: ڈپٹی کمشنر چارسدہ

  بھارتی عزائم کی ناکامی کیلئے حکومت پوری طرح کوشاں ہے: ڈپٹی کمشنر چارسدہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیو رو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمانوں کی ہمدردیاں کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہے۔ بین الاقوامی سطح پر مودی کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ وہ ولی خان سپورٹس کمپلکس چارسدہ میں یوم آزادی اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالوہاب خلیل، ضلع ناظم فہدریاض، نائب ناظم مصور شاہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اختر منیر، ایس پی انوسٹی گیشن نذیر خان، ڈی ایس پیز فضل شیر خان، شہنشاہ گوہر،مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان، منتخب عوامی نمائندوں سمیت عمائدین علاقہ، تاجر برادری اور مختلف سکولوں کے طلباء بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ عدیل شا ہ نے پرچم کشائی کی جبکہ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے پاکستان اور کشمیر کے حوالے سے ملی نغمے پیش کئے جس کو شرکاء نے بہت پسند کیا۔تقریب کے تمام شرکاء کے ہاتھوں میں پاکستانی جھنڈوں کے ساتھ کشمیر کے جھنڈے بھی لہراتے رہے۔تقریب کے دوران شرکاء پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان اور مودی کے خلاف نعرے لگا تے رہے۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے بڑی قربانیاں دیکر ایک آزاد وطن کا خواب حقیقت میں بدل دیا۔ آج ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے گلشن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے قومی جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے جس کا احساس ان قوموں کو بخوبی ہو تا ہے جو آج بھی غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ پاکستان ایٹمی قوت کا حامل ملک ہے اور پاکستان کے دشمن ہمارے ایٹم بم سے خوف زدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم اور بر بریت جاری ہے۔ گزشتہ کئی روز سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے وہاں کے مسلمان نماز عید اور عید قربانی سے محروم رہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کا لہو ایک دن ضرور رنگ لائیگااور مقبوضہ کشمیر کے مسلمان بہت جلد بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرینگے۔ بھارت کی طرف سے آئین میں ترمیم سے مقبوضہ کشمیر کے جغرافیائی حیثیت پر کوئی اثر نہیں پڑیگابلکہ مذکورہ ترمیم سے مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور آئینی ترمیم کا مسئلہ عالمی فورمز پر اٹھا رہی ہے جبکہ ا س حوالے سے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کو بھی حصوصی اجلاس بلانے کے لئے خط لکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی رہنماؤں سے قریبی رابطے میں ہے اور انشاء اللہ عالمی سطح پرمودی کو اپنے کئے پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑیگا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ، ایس پی نذیر خان اور ضلع ناظم فہد ریاض کی قیادت میں کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ولی خان سپورٹس کمپلکس سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی فاروق اعظم چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر عبدالوہاب خلیل نے چارسدہ پریس کلب میں پرچم کشائی کی تقریب میں بھی شرکت کی اور کشمیر ایشو پر میڈیا کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور بھارتی مظالم اجاگر کرنے کی اپیل کی۔