ڈیرہ میں مختلف واقعات کے دوران 2 افراد جاں بحق 

ڈیرہ میں مختلف واقعات کے دوران 2 افراد جاں بحق 

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ) ذاتی دشمنی اور مستورات کے تنازعہ پر فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، تھانہ کینٹ و تھانہ نواب شہید پولیس نے ان واقعات کی الگ الگ رپورٹ درج کرلی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدودمیں اقبال فیملی پارک بند دھپانوالہ کے سامنے ملزم مدال عرف مدالی بھٹنی ولد سراج الدین سکنہ ٹانک نے پستول سے فائرنگ کرکے 19سالہ حضرت اللہ مروت ولد رحمت اللہ سکنہ محلہ الٰہی آباد ٹانک کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا، تھانہ کینٹ میں واقعہ کی رپورٹ قتل کی دفعہ کے تحت مقتول کے بھائی رحمت اللہ مروت نے نامزد ملزم کے خلاف درج کرادی ہے کہ  ان کا ملزمان سے مستورات اور اقدام قتل کیس کے واقعہ پر تنازعہ چلا آرہا ہے۔ ادھر تھانہ نواب شہید کی حدود میں مڈل سکول تالگی کے قریب خواتین کے تنازعہ پر معتبر، سیف اللہ اور اکرم اقوام ڈھیڈی سکنائے تالگی نے پستول سے فائرنگ کرکے33سالہ عزیز اللہ ولد بلوچ خان سکنہ تالگی کو قتل کردیا۔ نواب پولیس نے مقتول کے بھائی غلام محمد عرف خان کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف اس واقعہ کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت درج کرلیا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر