عالمی دباؤ کے سوابھارت کو روکنے کا کوئی دوسرا طریقہ نہیں،سعید غنی
کراچی (این این آئی)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام پاکستان کی 72 ویں جشن آزادی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی جیسی آمرانہ سوچ کی حکومت ہوتے ہوئے کشمیری جس بہادری کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ قابل مبارک باد ہے۔اتنی زیادہ فوج اور سخت قوانین اور ایڈمنسٹریشن کی موجودگی میں احتجاج کرتے ہیں اورپاکستان کا جھنڈا لہراتے ہیں شہید ہوتے ہیں تو پاکستان کے جھنڈے میں دفن ہوتے ہیں یہ صرف جذبے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی قوم کو کوئی طاقت کی بنیاد پر کیسے غلام رکھ سکتا ہے جو اتنی سختیوں کے باوجود کھل کر احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کا تشخص تبدیل کیا ہے اس کے ارادے سے لگتا ہے کہ کشمیریوں کے لئے آگے بہت خطرہ ہے اور بھارت مزید سختیاں کرے گا۔ بین الاقوامی دباؤ کے علاوہ بھارت کو روکنے کا کوئی دوسرا طریقہ نہیں۔اسی لئے یوم آزادی کے موقع پر یکجہتی کشمیر بنایا جا رہا ہے تاکہ بین الاقوامی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف کرائی جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمارے لئے بہت ضروری ہے کہ پاکستان بہت مضبوط ملک بنے ہم سے پہلی والی نسل کے کچھ مسائل تھے ہمارے کچھ اور مسائل ہیں اور آئندہ آنے والی نسلوں کے اور مسائل ہوں گے مگر ان مسائل میں رہتے ہوئے ہی ہمیں اپنے ملک کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں کہ ملک کو ترقی نہ دیں ہمارے پاس غفلت کی گنجائش نہیں ہے۔لہذا ملک کی ترقی میں ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
سعید غنی