بھارتی اداکاروں کے اشتہارات نشر کرنے پر پابندی ، نوٹیفکیشن میں ایسی بات کہہ دی گئی کہ ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہو گیا

بھارتی اداکاروں کے اشتہارات نشر کرنے پر پابندی ، نوٹیفکیشن میں ایسی بات کہہ ...
بھارتی اداکاروں کے اشتہارات نشر کرنے پر پابندی ، نوٹیفکیشن میں ایسی بات کہہ دی گئی کہ ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہو گیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اشتہارات میں بھارتی اداکاروں کو لینے اور بھارتی اداکاروں کے اشتہارات نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

نجی خبر رساں ادارے ”جنگ نیوز“ کے مطابق پاکستان میں میڈیا کے نگران ادارے الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینلز پر ایسے اشتہارات نشر کئے جانے پر پابندی عائد کر دی جن میں بھارتی کاسٹ ہے۔پیمرا نے صابن، واشنگ پاﺅڈر، شیمپو، نوڈلز اور اس طرح کی دیگر اشیا بنانے والی 11 مختلف ملٹی نیشنل کمپنیز کے حوالے سے خاص طور پر متنبہ کیا ہے کہ ان کے بھارتی اداکاروں یا کرداروں والے اشتہارات ٹی وی سکرینوں پر نشر نہ کئے جائیں۔

پیمرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے معاملے پر بھارت سے کشیدگی بڑھنے کے بعد حکومت پاکستان نے 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر جبکہ 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تاہم اس کے باوجود بھارتی اداکاروں والے اشتہارات ٹی وی چینلز پر چلائے جا رہے ہیں جو کہ ریاستی پالیسی کی نفی ہے۔

پیمرا نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹی وی چینلز پر بھارتی اداکاروں پر مبنی اشتہارات پاکستانیوں کی پریشانیوں میں اضافہ کرتے ہیں جو کشمیریوں پر کئے جانے والے بھارتی مظالم کی وجہ سے پہلے ہی غمزدہ ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیمرا آرڈیننس 2002ءکے سیکشن 27 اے کے تحت لگائی جانے والی یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک بھارتی اداکاروں پر مبنی اشتہارات کو متبادل پاکستانی اداکاروں یا کرداروں کے ساتھ تبدیل نہیں کیا جاتا اور پیمرا ان کی منظوری نہیں دیتا۔

مزید :

قومی -علاقائی -اسلام آباد -