”معاف کیجئے گا، میں پری سیزن کیمپ میں شریک نہیں ہو سکتا کیونکہ۔۔۔“ حسن علی نے بھی پی سی بی کو ”انکار“ کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹر حسن علی نے پری سیزن فٹنس ٹیسٹ اور کیمپ میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے چھٹی مانگ لی ہے کیونکہ ان کا بھارتی لڑکی سامیعہ سے 20 اگست کو دبئی میں نکاح ہونا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ روز پری سیزن کیمپ لگانے کا اعلان کرتے ہوئے 20 کھلاڑیوں کو اس میں طلب کیا جن میں حسن علی کا نام بھی شامل ہے۔ پی سی بی نے 19 اور 20 اگست کو فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد 22 اگست سے سابق کپتان مصباح الحق کی نگرانی میں 17 روزہ کیمپ شروع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق حسن علی نے بورڈ سے درخواست کی ہے کہ نکاح کی مصروفیات کی وجہ سے وہ فٹنس ٹیسٹ میں شرکت سے قاصر ہیں تاہم انہوں نے بورڈ حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دبئی سے واپسی پر وہ فٹنس دینے کے ساتھ کیمپ بھی جوائن کرلیں گے۔
پروگرام کے مطابق حسن علی اور ان کے گھر والے 20 اگست کو دبئی پہنچیں گے اور اسی روز نکاح کی تقریب ہوگی، جس میں دونوں گھرانوں کے تقریبا 25 افراد کو مدعو کیاگیاہے۔قومی کرکٹر شاداب خان کی بھی اس تقریب میں شرکت متوقع ہے البتہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے مصروفیات کی وجہ سے نکاح کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔حسن علی اور ان کے اہل خانہ کی 22 اگست کو وطن واپسی کا پلان ہے، نکاح کے بعد باقاعدہ رخصتی دو سے تین ماہ بعد ہوگی۔