ایمنسٹی انٹر نیشنل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم پر سلامتی کونسل سے بڑا مطالبہ کردیا
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن )ایمنسٹی انٹر نیشنل نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کے انسانی حقوق مقدم رکھتے ہوئے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہوگا ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق ایمنسٹی انٹر نیشنل کے سیکریٹری جنرل کومی نائڈو نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو امن و امان کو مقدم رکھنا چاہیے ،کونسل ارکان کو یاد رکھن ہو گاان کا مینڈیٹ بین الاقوامی امن و امان کا تحفظ ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو ہم آواز ہو کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ کرنا ہو گا ،جموں و کشمیر کے عوام کو سیاسی مسئلے میں بطور پیادہ استعمال نہیں کیا جا نا چاہیے ۔کومی نائڈو نے کہا کہ بھارت نے برسوں سے انسانی حقوق کی پامالیوں کے شکار کشمیریوں پر ظلم کے مزید پہاڑ توڑدئیے ،بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی ،نقل و حمل کے حقوق کا خیال رکھے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے مطالبہ ہے سیاسی مخالفین کی گرفتاریوں پر انسانی حقوق کی پابندی کی جائے ،بھارت جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور معیارات کا احترام کر ے ۔