دہشتگرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں،انہیں کسی صورت کامیابی حاصل نہ ہوگی:میر ضیاء اللہ لانگو
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کچلاک مسجد بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جس میں انہیں کسی صورت کامیابی حاصل نہ ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کاکہنا تھاکہ دہشتگردی کا حالیہ واقعہ صوبے کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی سازش ہے،ایسے بزدلانہ واقعات سے حکومت اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو عوام کے تعاون سے کیفرکردار تک پہنچائیں گے اورانہیں کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا اور کسی کو بھی صوبے کے امن و امان کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔