کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ایک معجزہ،کشمیرکو آزادی دینے کے سوا بھارت کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا:مشعال ملک

کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ایک معجزہ،کشمیرکو آزادی دینے کے سوا بھارت کے ...
کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ایک معجزہ،کشمیرکو آزادی دینے کے سوا بھارت کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا:مشعال ملک

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کشمیری حریت پسند رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ایک معجزہ ہے،13 دن سے کشمیر میں کرفیو لگاہوا ہے،بھارت کشمیر کو قبرستان بنانا چاہتا ہے،کشمیریوں کی نسل کشی کی کوشش کی جارہی ہے،بھارت کی پوری دنیا میں لابی ہے لیکن بھارت کو ہر طرف سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،بھارت کے پاس اب کشمیرکو آزاد کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔

تفصیلات کے  مطابق لاہور پریس کلب کے پروگرام’’ میٹ دی پریس ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں کشمیر سے کشمیری جھنڈے کو اتار دیا گیا ہے ، بھارت نے کشمیریوں کی آواز بند کرنے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کی،تمام حریت قیادت نظر بند اور گرفتار ہے،پورے پاکستان میں کشمیری پاکستانی پر چم کے ساتھ پر چم لہرا کر یہ واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ایک معجزہ ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2درجن سے زائد قراردادیں پڑی ہیں،بھارت کا پہلا وزیر اعظم جواہر لال نہرو خود کشمیر کے مسئلے کو لیکر یو این او گیا،بھارت کی پوری دنیا میں لابی ہے لیکن بھارت کو ہر طرف سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،انڈیا میں ایک درجن سے زائد علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں،اقوام متحدہ کو حقیقی معنوں میں کردارادا کرنا ہوگا،کشمیرکا مسئلہ دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،کشمیری کفن باندھ کر نکلے ہیں،73 سالوں سے تنہا اور نہتے کشمیری اپنی جنگ لڑ رہے ہیں۔مشعال ملک کاکہنا تھا کہ بھارت کے پاس اب کشمیرکو آزاد کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں  بچا، جس دن کشمیر بھارت کے ہاتھوں سے نکل گیا بھارت ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  46 سال بعد آج دوبارہ سلامتی کونسل میں کشمیر کا مسئلہ آیا ہے،ا ب یہ معاملہ رکنے والا نہیں ہے، کشمیری بھارت سے آزادی حاصل کر لیں گے۔ قبل ازیں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب پر پاکستان اور کشمیرپرچم بیک وقت لہرائے گئے اور آزادی کشمیر کے نعرے لگائے گئے۔ لاہور پریس کلب کے سیکرٹری زاہد عابد نے مشعال ملک کا لاہور پریس کلب آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں پاکستان بھر کے صحافی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ مشعال ملک کو پریس کلب کی جانب سے پھول پیش کئے گئے۔

مزید : قومی


loading...