ٹیسٹ سیریز: انگلینڈ کیخلاف شاہین توقعات پرپورا نہیں اترے، میانداد 

ٹیسٹ سیریز: انگلینڈ کیخلاف شاہین توقعات پرپورا نہیں اترے، میانداد 

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم  کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین جاوید میاندادنے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم توقعات پر پورا اترنے میں ناکام نظر آئی پہلے ٹیسٹ میں جیت کے قریب آکر بھی ٹیم نے کھیل کے آخری مرحلہ میں ناقص کھیل کا مظاہرہ کیا اور جیت کا موقع گنوا دیا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام نظر آئی اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان کے لئے میزبان ملک کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنا مشکل ہوگیا ہے دوسرے ٹیسٹ میں بارش کی وجہ سے پاکستان کی ٹیم کو نقصان ہوگا یہ ٹیسٹ ڈرا ہوتا نظر آرہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو اب تیسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی ضرورت ہے اور اس طرح ٹیم سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوگی مگر پاکستانی کھلاڑی پریشر میں نظر آرہے ہیں جس کا حریف ٹیم بھرپور فائدہ اٹھارہی ہے کپتان اظہر علی بھی بطور کپتان اور بیٹسمین وہ کارکردگی پیش نہیں کرسکے جس کی ان سے توقع کی جارہی تھی اس وقت سیریز میں پاکستان کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور تیسرا ٹیسٹ جیتنا بھی پاکستان کے لئے مشکل ہوگا ٹیم مینجمنٹ کو چاہئیے کہ وہ جامع حکمت عملی کا مظاہرہ کرے اور کھلاڑیوں کی عمدہ پرفارمنس پر توجہ دے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ فواد عالم کو طویل عرصہ کے بعد قومی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملا مگر افسوس کہ و ہ بھی اس کا فائدہ نہیں اٹھاسکیں اتنے عرصہ بعد کسی بھی کھلاڑی کے لئے بڑی ٹیم کے خلاف پرفارمنس دینا مشکل ہوتا ہے میانداد نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم ایک بہترین حکمت عملی اور بھرپور محنت سے ہی اب کھیل میں واپس آسکتی ہے اس وقت انگلینڈ کی ٹیم کا پاکستان کے خلاف پلڑا بھاری نظر آرہا ہے ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -