پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے،ڈی آئی جی آپریشنز
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا ہے کہ شہر بھر میں پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے لاہور پولیس بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ پتنگ بازی جیسے خونی کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ پولیس افسران پتنگ بازوں، مینوفیکچرز اور پتنگ فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں۔ پتنگ بازی ایکٹ پر عملدرآمد نہ کروانے والے ایس ایچ اوز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ لاہور پولیس آپریشن ونگ نے رواں سال کے پہلے 07ماہ کے دوران پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر9536ملزمان کوگرفتارکرکے9272مقدمات درج کئے۔سٹی ڈویژن سے2143، کینٹ ڈویژن2394،سول لائنز ڈویژن1047، صدر ڈویژن1076، اقبال ٹاؤن ڈویژن1395اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے1481 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور99ہزار581 پتنگیں،1856چرخیاں،5673 پنی ڈور اور2346 ڈورگچھیاں برآمدکی گئیں۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہا کہ گنجان علاقوں میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے پتنگ بازوں کو گرفت میں لایا جا رہا ہے۔
والدین بھی پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کو روکنے اور اپنے بچوں کو اس سے بازرکھنے میں لاہور پولیس کا ساتھ دیں تاکہ پتنگ بازی جیسے خونی کھیل سے جانوں کے ضیا ع سے بچا جا سکے۔شہر بھر میں پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے لاہور پولیس بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ مساجد میں اعلانات، سوشل میڈیا، اخبارات اور ٹی وی چینلزپر پیغامات کے ذریعے بھی شہریوں کو اس خونی کھیل سے باز رہنے کیلئے مسلسل آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔