حکومت کو لانے والوں نے مارچ میں بساط لپیٹنے کا وعدہ کیا تھا:فضل الرحمٰن

حکومت کو لانے والوں نے مارچ میں بساط لپیٹنے کا وعدہ کیا تھا:فضل الرحمٰن

  

  پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے بادشاہ برائے نام ہیں،  ریاست کی اصل ملکیت امریکا کے پاس ہے۔گزشتہ روزجمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن باچاخان مرکز پشاور پہنچے اور اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین سے ان کے بھائی کے انتقال پرتعزیت اورفاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو لوگ اس حکومت کو اقتدار میں لائے ہیں انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ مارچ میں حکومت کی بساط لپیٹ دی جائے گی، مارچ تو گزر گیا اب ملین مارچ ہی رہ گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں سے اے پی سی یا حکومت مخالف تحریک پر اختلافات نہیں لیکن بعض امور پر اختلاف ہے۔ ایک طرف تو ہم موجودہ حکومت کو ناجائز حکومت کہتے ہیں اور نئے الیکشن کا مطالبہ بھی کرتے ہیں دوسری طرف بڑی اپوزیشن پارٹیاں حسب ضرورت حکومت کو ووٹ دیتی ہیں، یہ کھلاتضاد ہے اور اس روش کو ترک کرنا چاہیے۔ ایک طرف ہم یوم آزادی منارہے ہیں دوسری طرف ایسی قانون سازی کررہے ہیں جو آزادی کی نفی ہے، آج اگر اقوام متحدہ کی کوئی قرارداد آئے جو پاکستان کے قانون کے خلاف ہو تو ہماری آزادی تو ختم ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں ایف اے ٹی ایف کے ایجنڈے پر عمل کرنے کے لیے اس حکومت کو لائی ہیں، ہمارا بڑی جماعتوں سے شکوہ ہے کہ انہیں اس کی سہولت کاری کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امارات اور اسرائیل معاہدہ فلسطینیوں کی 70 سالہ جدوجہد آزادی کی نفی ہے، دنیا میں کشمیر اور فلسطین کی جدوجہد آزادی کی قدر و قیمت نہیں، کمزور ممالک کی گردن مروڑ کر اسرائیل کو تسلیم کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے، یو اے ای کا اقدام درست نہیں اس کی اصل ملکیت امریکا کے پاس ہے، یہ لوگ برائے نام بادشاہ ہیں بلکہ اصل میں بڑی قوتوں کے کٹھ پتلی ہیں۔ 

فضل الرحمن

مزید :

صفحہ اول -