پشاور،میٹروبس کی سکیورٹی میں اضافہ،تشددمیں ملوث2افراد گرفتار
پشاور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے سٹیشنوں پر مسافروں کی توڑ پھوڑ کی ویڈیوز وائرل، ایک مسافر کو بی آر ٹی بس کی چھت پر چڑھتے دیکھا گیا جبکہ شہریوں کو جنگلا پھلانگ کر مین کوریڈور میں آتے جاتے رہے۔مسافروں کو بی آر ٹی کے سفری کارڈز کے بغیر اندر داخل ہوتے بھی دیکھا گیا۔ بی آر ٹی بسوں کی پھٹی ہوئی سیٹیں بھی دیکھی گئیں۔پولیس نے توڑ پھوڑ اور سیکیورٹی گارڈز پر تشدد پر 2 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تشدد کی ویڈیومیں دیکھا گیا کہ چند افراد نے سیکیورٹی گارڈز کو زدوکوب کیا اور کپڑے پھاڑے۔ ایس ایس پی آپریشنز منصورامان نے مختلف بی آرٹی سٹیشنوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ بی آر ٹی کے تمام اسٹیشنز پر پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں اور ہرسٹیشن پر 4 اہلکار تعینات ہوں گے اور 2 شفٹوں میں 240 پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیٹرولنگ پولیس بھی ہوگی جب کہ بی آرٹی کنٹرول روم میں پولیس فوکل پرسن بھی تعینات کردیا گیا ہے۔
میٹرو بس تشدد