حکومت‘ اپوزیشن کی غیر سنجیدگی سے مسائل بڑھ رہے ہیں‘ لیاقت بلوچ 

       حکومت‘ اپوزیشن کی غیر سنجیدگی سے مسائل بڑھ رہے ہیں‘ لیاقت بلوچ 

  

 ملتان (سپیشل رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دو سالہ حکومتی ناکامی کا دور ہے، تدبیری بد انتظامی نے آئندہ دو سال بھی مشکل تر بنا دئیے ہیں، قومی ترجیحات پر قومی قیادت کو اکٹھا ہونا ہو گا۔ بجلی، گیس، تیل، ٹیکسوں کی شرح کا بوجھ پیداواری لاگت کو ناقابل برداشت بنا چکا ہے، 100 دن، 6 ماہ اور ایک سال کے اعلانات کی طرح وزیر اعظم عمران خان کا دو سال بعد کا اعلان بھی ہوائی اور بے بنیاد ہے۔ ملک بڑے بحرانوں (بقیہ نمبر2صفحہ6پر)

 میں گھر گیا، حکومت اور اپوزیشن غیر ذمہ داری اور غیر سنجیدگی کی بلند چوٹی پر ہے۔قومی ترجیحات پر قومی قیادت کو اکٹھا ہونا ہو گا وگرنہ اکیلے اکیلے کا طرز عمل بناؤ کی بجائے بگاڑ کا باعث بنے گا۔ وزیر اعظم اقتصادی تباہی کی وجہ عام آدمی کے بدترین حالات سے بے خبر ہیں، چند مراعات یافتہ طبقوں کے علاوہ تجارت، زراعت، صنعت کا پہیہ جام ہے، حکومت کا کوئی منصوبہ اور اعلان عوام کا حوصلہ بحال نہیں کر رہا،اصل مسئلہ نا اہلی اور اعتماد کا بحران ہے۔ملتان میڈیا سنٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے عہدیداروں کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام نے کشمیر اور فلسطین مسئلہ حل کرنے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، عالمی استعمار اپنا ایجنڈا مسلط کر رہا ہے، مسلم دنیا تقسیم ہے۔ کشمیر، فلسطینی عوام کے جذبات پوری شدت سے مجروح ہو رہے ہیں اسرائیل امارات سفارتی تعلقات کے دور رس منفی اثرات ہوں گے، امارات کو اپنی خود مختار حیثیت میں فیصلے کرنے کا حق تو ہے لیکن ایسے فیصلہ جو آزادی، خود مختاری، اصولوں اور حق کے خاتمہ کا باعث بنے یہ سب کا اجتماعی نقصان ہے۔حکومت پاکستان کا موقف ڈرے سہمے ملک اور بزدلی پر مبنی موقف ہے۔ پاکستان، ترکی، ایران، ملائیشیا اور سعودی عرب کو عالم اسلام کے بحرانوں کے خاتمہ کے لیے کلیدی کردار ادا کرنا ہے اس کے لیے ماحول بنایا جائے۔

لیاقت بلوچ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -