17 اگست: مختلف شہروں سے 5 ٹرینیں چلانے کا حتمی فیصلہ

       17 اگست: مختلف شہروں سے 5 ٹرینیں چلانے کا حتمی فیصلہ

  

ملتان(نمائندہ خصوصی)ریلوے انتظامیہ نے عوام کی سہولت کے پیش نظر 17اگست 2020سے مختلف شہروں سے 5ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے.تفصیلات کے مطابق چلائی جانے والی ٹرینوں میں کراچی۔حویلیاں۔کراچی براستہ شورکوٹ کے درمیان چلنے والی ہزارہ ایکسپریس (11-Up/12-Dn)، کراچی۔لاہور۔کراچی براستہ پاکپتن کے درمیان چلنے والی فرید ایکسپریس (37-Up/38-Dn)، کراچی۔پشاور۔کراچی براستہ فیصل آباد، وزیر آباد(بقیہ نمبر28صفحہ6پر)

 کے درمیان چلنے والی رحمان بابا ایکسپریس(47-Up/48-Dn)،ملتان۔لاہوربراستہ فیصل آباد کے درمیان چلنے والی بدرایکسپریس(111-Up/112-Dn)اورکراچی۔ملتان۔کراچی براستہ دادو۔حبیب کوٹ۔ جیکب آباد اور ڈیرہ غازی خان کے درمیان چلنے والی موہنجو داڑو پسنجر (213-Up/214-Dn) کے نام شامل ہیں۔ 17اگست کو ہزارہ ایکسپریس کراچی کینٹ ریلو ے اسٹیشن سے صبح 5بج کر 50منٹ پر روانہ ہو کر کوٹری،نوابشاہ، بہاولپور، سرگودھا اور راولپنڈی سے ہوتی ہوئی اگلے روز دوپہر 2بج کر 35منٹ پر حویلیاں پہنچے گی۔ اسی طرح یہ ٹرین حویلیاں سے دوپہر 2بجے روانہ ہو کر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 10بج کر 40منٹ پر کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ بحال کی جانے والی دوسری ٹرین فرید ایکسپریس کراچی سٹی سے شام 7بج کر30 منٹ پر کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہو کر حیدر آباد،گھوٹکی،سمہ سٹہ، پاکپتن اور رائے ونڈ سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 9بج کر 30منٹ پر لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ جبکہ یہ ٹرین لاہور سے صبح 6 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوکراسی راستے سے ہوتی ہوئی اگلے روز صبح7 بجکر 5 منٹ پر کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن سے رحمان بابا ایکسپریس صبح 9 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوگی رحیم یار خان سمہ سٹہ، خانیوال، فیصل آباد، سانگلہ ہل، حسن ابدال اور نوشہرہ سے ہوتی ہوئی اگلے روز دوپہر1 بجے پشاور کینٹ پہنچے گی۔ اسی طرح یہ ٹرین پشاور کینٹ سے دن 11 بجے روانہ ہوکراسی روٹ سے ہوتی ہوئی اگلے روز دوپہر 1 بجکر 10 منٹ پرکراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ جبکہ بدر ایکسپریس ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن سے شام 4بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوکر خانیوال، شورکوٹ کینٹ، فیصل آباد اور سانگلہ ہل سے ہوتی ہوئی رات 10 بجکر 25 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ اسی طرح یہ ٹرین لاہور سے صبح 8 بجے روانہ ہوکر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی دوپہر 2 بجے ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ اس کے علاوہ موہنجوداڑو ایکسپریس کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن سے سہ پہر 2بجکر 45 منٹ پر روانہ ہوکر جمعہ گوٹھ، سہون شریف، لاڑکانہ، حبیب کوٹ، کشمور کالونی اور مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی اگلے روز سہ پہر 3 بجکر 20 منٹ پر ملتان پہنچے گی۔ ملتان سے یہ ٹرین صبح 6 بجے روانہ ہوکر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی اگلے روز صبح 6 بجکر 40 منٹ پر کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ یادرہے کہ یہ ٹرینیں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر عارضی طور پر بند کی گئی تھیں جن کو مرحلہ وار بحال کیاجارہاہے۔ بدر ایکسپریس اور موہنجوداڑو ایکسپریس کا کرایہ پاکستان ریلوے کا فاصلے کے حساب سے جو کرایہ چارج ہوتا ہے وہ کرایہ ان دونوں ٹرینوں پر لاگو ہوگا۔پاکستان ریلو ے 17اگست 2020 سے مزید اپ اینڈ ڈاؤن کی 10 ٹرینیں چلانے جارہا ہے۔ چلائی جانے والی ٹرینوں میں ہزارہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس، رحمان بابا ایکسپریس، بدر ایکسپریس اور موہنجوداڑو پسنجر شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدر ایکسپریس پہلے فیصل آباد تک چلتی تھی اب اس کو ملتان تک توسیع دیدی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کوئٹہ کے لوگوں کو سہولت دینے کے لیے موہنجوداڑوپسنجر کو بھی کراچی تک بڑھادیاگیاہے تاکہ جیکب آباد سے کوئٹہ کی سواری کو بھی سہولت دی جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑی خوشخبری ایم ایل ون کی ہے یہ پاکستان کی تاریخ کا گیم چینجر ہے اور اس کا تاریخی افتتاح ہوگا۔بڑی امید ہے کہ اس کے افتتاح میں چین کی کسی بڑی شخصیت کو دعوت دی جائے گی۔ اس سارے کام کا کریڈٹ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتاہے کیونکہ جب یہ دورے پرگئے تو انہوں نے چین میں اس ایشوکو اہمیت دی۔ اصل میں ریلوے کا یہ 1861 کا ٹریک تھا جس پر کام ہونے جارہا ہے۔ تین مرحلوں میں کام شروع کیاجائے گا یعنی تین مختلف جگہوں سے کام شروع ہوگا اس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے کیونکہ سٹرکیں، پْل اور دوسری چیزیں بن جاتی ہیں لیکن ایم ایل ون جیسے بڑے منصبوبے میں چین کی مدد کی ضرورت تھی۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے رائل پام کے حوالے سے صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ رائل پام کا ٹینڈر سپریم کورٹ کی طرف سے دی جانے والی تاریخ کے مطابق ہوگا۔

ٹرینیں 

مزید :

ملتان صفحہ آخر -