صوبے میں صفائی و ستھرائی کی صورت حال بہتر بنائی جائے، ناصر شاہ
کراچی(این این آئی)وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں صفائی کی صورت حال بہترین بنائی جائے، تمام اضلاع کے اندر گندگی اور کچرے کے ڈھیروں کو مکمل طور سے ختم کیا جائے۔ناصرحسین شاہ کے مطابق سندھ بھر کے تمام علاقوں، سڑکوں، محلوں اور گلیوں میں پڑا کچرا ہنگامی بنیادوں پر اٹھایا جائے اور تمام تر صورت حال کی نگرانی میونسپل کمشنر سالڈ ویسٹ افسران کے ہمراہ کریں۔وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ بارش اور عید الاضحی کے بعد مختلف علاقوں میں صفائی و ستھرائی کی صورت حال معمول کے مطابق لانے کے لئے خصوصی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور ہر یونین کونسل کو صاف و ستھرا رکھنے کے لئے تمام بلدیاتی عملہ منتخب نمائندگان کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے۔ناصر شاہ صفائی و ستھرائی کی سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مطلع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران بلاناغہ اپنے علاقوں میں ہونے والی صفائی و ستھرائی کی سرگرمیوں سے آگاہ کریں اور ہر ممکن کوشش کریں کہ بلا تعطل تمام علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر بلدیاتی عملہ ذمہ داریاں سر انجام دے۔ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ علاقوں میں صفائی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے وہ خود سرپرائز وزٹ کریں گے اور سالڈ ویسٹ کا محکمہ اپنی ذمہ داریوں میں مزید بہتری لانے کی کوشش کرے۔ صوبائی وزیر نے واضع کیا کہ صفائی کی غیر تسلی بخش صورت حال کی موجودگی میں متعلقہ افسران کے خلاف کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ناصر شاہ