دھونی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان لیکن اگلے ہی گھنٹے بڑی پیشکش ہو گئی 

دھونی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان لیکن اگلے ہی گھنٹے بڑی پیشکش ...
دھونی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان لیکن اگلے ہی گھنٹے بڑی پیشکش ہو گئی 

  

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انٹر نیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیاہے تاہم ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہی انہیں اگلے ہی گھنٹے ایک اور بڑی آفر بھی مل گئی ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق آسٹریلین کرکٹر اور ”دی ہنڈریڈ لیگ“ کی ٹیم” لندن سپرٹ “کے چیف کوچ ”شین وارن“ نے انہیں اپنی اس ٹیم سے کھیلنے کا آفر دیا ہے، یہ ٹورنامنٹ اگلے سال انگلینڈ میں ہوگا۔دی ہنڈریڈ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا ایک مقابلہ جاتی ٹورنامنٹ ہے ، جو اس سال آٹھ ٹیموں کے ساتھ لانچ ہونے والا تھا لیکن اس ٹورنامنٹ کو کورونا وائرس کی و جہ سے اگلے سال تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔

ایم ایس دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے ، مگر دو مرتبہ کے ورلڈ کپ فاتح کپتان دھونی آئی پی ایل کھیلتے رہیں گے۔ حالانکہ ایسی بھی خبر آرہی ہے کہ وہ فرنچائزی بیسڈ ٹورنامنٹ کھیل سکتے ہیں۔دھونی نے آئی پی ایل کی تیاری کیلئے چنئی پہنچنے کے اگلے دن اپنا بڑا فیصلہ انسٹاگرام کے ذریعہ بتایا۔ انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شام سات بج کر انتیس منٹ سے ریٹائرڈ مان لیا جائے۔

دھونی کے ساتھ ہی سریش رینا نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا۔خیال رہے کہ گزشتہ سال انگلینڈ میں ہوئے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں ملی شکست کے بعد سے ہی دھونی کرکٹ سے دور تھے۔انہوں نے اس دوران گھریلو میچ بھی نہیں کھیلا تھا اور فوج کے ساتھ ٹریننگ کرنے کیلئے چلے گئے۔حالانکہ کہا جارہا تھا کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں نظر آئیں گے ، مگر کورونا وائرس کی وجہ سے آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کو ملتوی کردیا گیا ، جس کے بعد ان کے مستقبل کو لے کر قیاس آرائی ہونے لگی تھی۔

ایم ایس دھونی نے 2004 میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔دھونی نے بھارت کی طرف سے 90 ٹیسٹ ، 350 ون ڈے اور 98 ٹی 20 میچ کھیلے۔350 ون ڈے میچوں میں انہوں نے 10 ہزار 773 رن بنائے ، جس میں ان کا سب بڑا ذاتی اسکور ناٹ آوٹ 183 ہے۔انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 10 سنچریاں اور 73 نصف سنچریاں بنائیں جبکہ 98 ٹی 20 میچوں میں انہوں نے 1617 رن بنائے ، جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ 

دھونی نے آخری انٹرنیشنل میچ گزشتہ سال نو اور دس جولائی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کھیلا تھا۔ 

مزید :

کھیل -