شہباز گل کو ننگا کر کے مارا گیا، عمران خان کا تہلکہ خیز دعویٰ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر اعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز گل کو ننگا کر کے مارا گیا۔ نجی نیوز چینل کے پروگرام میں انہوں نے بتا یا کہ ہمارا وکیل مل کر آیا تو اس نے بتا یا کہ اسے ننگا کر کے مارا گیا،مجھے یہ سن کر اتنی تکلیف ہوئی کہ یہ کس طرح کے حیوان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل ، مولانا فضل الرحمان ،مریم نواز ، ایاز صادق اور نواز شریف کے بیانات اٹھا کر دیکھ لیں پتہ چل جائے گا کس نے کیا کہا،ان لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔
عمران خان نے اپنے چیف آف سٹاف شہباز گل کے فوج سے متعلق متنازع بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ شہباز گل "غلط" تھے اور انہیں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا۔نجی چینل پر ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو یہ نہیں کہنا چاہئے تھا کیونکہ یہ فوج کو اکسانے کے زمرے میں آتا ہے اور یہ بالکل درست ہے کہ ہم فوج کو ایک مضبوط ادارے کی حیثیت سے دیکھنا چاہتے ہیں۔