ملتان سکھر موٹر وے پر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان خوفناک حادثے میں اموات کی تعداد 20 ہو گئی
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) موٹر وے ایم فائیو پر جلال پور انٹر چینج کے قریب بس اور ٹینکر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کی تعداد 20 ہو گئی ہے ۔
نجی ٹی وی" دنیا نیوز" کے مطابق موٹر وے پر جلال پور انٹر چینج کے قریب رات اڑھائی بجے کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث آگے جاتے ہوئے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹینکر میں اور بس میں آگ بھڑک اٹھی ، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بس اور ٹرک کو لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کے بعد موٹر وے پولیس ، ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کیں ، آگ پر 3 گھنٹے کی محنت کے بعد قابو پایا گیا ، حادثے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے ، ڈرائیور سمیت 20 افراد حادثے میں جاں بحق ہوئے ، آگ کے باعث لاشیں بری طرح جھلس گئیں ، لاشوں اور زخمیوں کو ملتان نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔