اسلام آباد ہائیکورٹ کا سیشن جج کو شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی نظر ثانی درخواست دوبارہ سننے کا حکم 

اسلام آباد ہائیکورٹ کا سیشن جج کو شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی نظر ثانی ...
اسلام آباد ہائیکورٹ کا سیشن جج کو شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی نظر ثانی درخواست دوبارہ سننے کا حکم 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) اسلام آبا دہائیکورٹ نے سیشن جج کو شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی نظر ثانی درخواست دوبارہ سننے کا حکم دیدیا۔

 قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے شہباز گل کی  مقدمہ خارج کرنے اور حکومتی  کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواستوں پر سماعت کی ۔ دوران سماعت شہباز گل کے وکلاء کی جانب سے سیاسی حوالہ دینے کی کوشش پر عدالت نے ٹوک دیا ، قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ   بجا  ہے جن کا کیس ہے وہ سیاسی جماعت کے عہدیدار ہیں مگر ملزم جو بھی ہے عدالت  میں یہ بے معنی بات ہے ، عدالت کو صرف قانونی نکتے کو دیکھنا ہوتا ہے ، عدالت کو بتایا جائے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کیسے قابل سماعت تھی؟،  جب ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے  تو پھر بات ہی ختم ہو گئی ۔

 عدالت نے ریمارکس دیے کہ کسی ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنا سنجیدہ معاملہ ہے ، سیشن کورٹ دیکھ  لے کہ  جوڈیشل مجسٹریٹ نے کوئی فیصلہ غلط تو نہیں کر دیا ، ابھی ریمانڈ کی درخواست کے میرٹس پر نہیں جارہا،پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل سنیں گے ۔قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ ریمانڈ تو نہیں دیتی ، یہ ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار نہیں کہ وہ دیکھے ملزم کا کتنا ریمانڈ دینا ہے ، جرم کتنا سنگین ہو ، ریمانڈ کے معاملات مجسٹریٹ کو ہی دیکھنا ہیں ، ابھی اس حد تک دلائل سن رہے ہیں  کہ سیشن کورٹ میں اپیل سنی جا سکتی تھی یانہیں ۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شہباز گل کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کی حکومتی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنایا گیا ، عدالت نے  فیصلے میں سیشن جج کو شہباز گل کے  جسمانی ریمانڈ کی نظر ثانی  درخواست دوبارہ سننے کا حکم  دیا ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ جویشل مجسٹریٹ کے  آرڈر کے خلاف قابل سماعت ہے ، سیشن جج درخواست کو سن کر میرٹ پر فیصلہ کریں ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -