اقوام متحدہ کے ادارے پاپولیشن فنڈ کی پہلی خاتون سربراہ ڈاکٹر نفیس صادق نیویارک میں انتقال کر گئیں

اقوام متحدہ کے ادارے پاپولیشن فنڈ کی پہلی خاتون سربراہ ڈاکٹر نفیس صادق ...
اقوام متحدہ کے ادارے پاپولیشن فنڈ کی پہلی خاتون سربراہ ڈاکٹر نفیس صادق نیویارک میں انتقال کر گئیں

  

نیویارک (طاہر محمود چوہدری سے) اقوام متحدہ کے ادارے پاپولیشن فنڈ کی سابق  پہلی خاتون سربراہ رہنے والی ڈاکٹر نفیس صادق نیویارک میں انتقال کر گئیں. ان کی عمر 92 برس تھی. پاکستانی میڈیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر  نفیس صادق اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ  (یو این ایف پی اے) کی سربراہ بننے والی  پہلی پاکستانی خاتون تھیں.نیند کی حالت میں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں.  انہوں نے پسماندگان میں1 بیٹا اور2 بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں. انکے شوہر اظہر صادق جو ایک بزنس مین تھے جنکاانتقال 2011 میں ہوا تھا. 

اقوام متحدہ، نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن نے ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یو این ایف پی اے کی سربراہی کرنے والی وہ پہلی پاکستانی طبی ماہر تھیں. عالمی برادری میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا."

مرحومہ ڈاکٹر نفیس صادق پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اور ورلڈ بینک کے نائب صدر محمد شعیب کی بیٹی تھیں، جن کا انتقال 1976 میں واشنگٹن میں ہوا تھا. محمد شعیب نے صدر ایوب خان کی کابینہ میں خدمات انجام دیں تھیں. میڈیکل کے شعبے میں ڈاکٹر  نفیس صادق ممتاز کیرئیر کی حامل تھیں. انہوں نے 1987 سے 2000  تک اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل کے عہدے کے ساتھ (یو این ایف پی اے) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی مشیر اور ایشیاء اور بحرالکاہل میں ایچ آئی وی/ ایڈز  کے لیے ان کے خصوصی ایلچی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں. 

 کراچی کے ڈاؤ میڈیکل کالج سے گریجویٹ ڈاکٹر نفیس صادق نے  امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کے سٹی ہسپتال میں گائناکالوجی اور اوبسٹیٹرکس میں انٹرن شپ کی. بعدازاں انہوں نے جانز ہاپکنز یونیورسٹی واشنگٹن میں مزید تعلیم مکمل کی اور کوئنز یونیورسٹی، کنگسٹن، اونٹاریو (کینیڈا) میں فزیالوجی میں ریسرچ فیلو کے عہدے پر  بھی فائز رہیں. 

ڈاکٹر  نفیس صادق نے اپنے پیشہ ورانہ کیرئیر کا آغاز بطور میڈیکل ڈاکٹر  آفیسر پاکستان سے کیا. 1968 میں انہیں سینٹرل فیملی پلاننگ کونسل کی ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا. 1971 میں، وہ اقوام متحدہ  کی ملازمت میں شامل ہوئیں اور 1973 میں یو این ایف پی اے کی تکنیکی مشیر اور اس کے پروگرام ڈویژن کی سربراہ بن گئیں. 1982 سے 1987 تک اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں. 

  ڈاکٹر  نفیس صادق خواتین کی ضروریات کو پورا کرنے اور ترقیاتی پالیسی کی تشکیل اور نفاذ میں خواتین کو براہ راست شامل کرنے کی اہمیت پر مسلسل توجہ مبذول کراتی رہیں. جون 1990 میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے انہیں آبادی اور ترقی پر بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی پی ڈی) 1994 کی سیکرٹری جنرل مقرر کیا تھا. عالمی برادری کی خواتین اور بچوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے  انہیں کئی بین الاقوامی اعزازات اور اعزازات سے نوازا تھا. ڈاکٹر نفیس صادق کئی کتابوں اور ریسرچ پیپرز کی مصنفہ بھی تھیں.

مزید :

بین الاقوامی -