ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے پہلے مرحلے کی ٹکٹیں دیکھتے ہی دیکھتے فروخت

ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے پہلے مرحلے کی ٹکٹیں دیکھتے ہی دیکھتے فروخت
ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے پہلے مرحلے کی ٹکٹیں دیکھتے ہی دیکھتے فروخت

  

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )  دبئی میں ہونے والے ایشیا ءکپ میں پاک بھارت ٹاکرے کا سب ہی کو بے صبری سے انتظار ہے  جس کے لئے پہلے مرحلے کی ٹکٹیں دیکھتے ہی دیکھتے فروخت ہو گئیں  ۔  متحدہ عرب امارات کے مقامی  وقت کے مطابق شام 6 بجے میگا ٹاکرے کی ٹکٹوں کی فروخت شروع کی گئی اور چند منٹ میں ہی تمام ٹکٹیں فروخت ہو گئیں ۔

"گلف نیوز" کے مطابق  انتظامیہ کی جانب سے  محدود تعداد میں ٹکٹیں فروخت کیلئے پیش کی گئیں جو دیکھتے ہی دیکھتے  خرید لی گئیں ، لگ بھگ 5 ہزار شائقین قطار میں کھڑے تھے جنہوں نے صرف 50 منٹ میں ہی  ٹکٹ خرید لئے ۔ ایشیا کپ 2022 کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز  15 اگست سے کیا گیا ہے ، شائقین کرکٹ اپنی اپنی پسند کے معرکے کیلئے ٹکٹوں کی خریداری کر رہے ہیں مگر پاک بھارت ٹاکرے  کی ٹکٹوں کی چند منٹ میں فروخت نے ثابت کر دیا کہ شائقین اس میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور اسے سٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھنا چاہتے ہیں ۔

 خیال رہے کہ ایشیاء کپ کے 16 روزہ ایونٹ کے دوران پاکستان اور روایتی حریف بھارت  3 بار مد مقابل آنے کے امکانات ہیں  ، 6 ٹیموں پر مشتمل ایشیاء کپ 27  اگست سے شروع ہو گا ، ایونٹ کا آغاز میزبان سری لنکا اور افغانستان کے مابین میچ سے ہوگا جبکہ اگلے روز یعنی  28 اگست کو  پاکستان اور بھارت میں ٹکر ہو گی ۔ایونٹ کے تمام میچز کی میزبانی دبئی اور شارجہ کریں گے جبکہ فائنل 11 ستمبو کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شیڈول ہے ۔ 

ایشیا ءکپ  کیلئے گروپ اے اور بی تشکیل دیا گیا ہے جن میں تین ، تین ٹیمیں حصہ لیں گی ، 5 ممالک ایشیا کپ میں کوالیفائی کر چکے ہیں جن میں پاکستان ، بھارت ، سری لنکا ، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں جبکہ چھٹی ٹیم  ایشیا ءکپ کوالیفائر کی فاتح ہو گی ۔ جسے گروپ اے میں جگہ دی جائے گی ۔

گروپ اے میں پاکستان ، بھارت اور ایشیا ءکپ کوالیفائر کی فاتح ٹیم شامل ہوگی جبکہ گروپ بھی میں سری لنکا ، بنگلہ دیش اور افغانستان  ہیں ۔ ایشیاء کپ کے کوالیفائر راؤنڈ میں 4 ٹیمیں مد مقابل ہیں جن میں کویت ، متحدہ عرب امارات ، سنگا پور اور ہانگ کانگ شامل ہیں ۔

 کوالیفائر راؤنڈ میں 20 اگست کو سنگا پور اور ہانگ کانگ ، 21 اگست کو متحدہ عرب امارات اور کویت، 22 اگست کو متحدہ عرب امارات اور سنگا پور ، 23 اگست کو کویت اور ہانگ کانگ ، 24 اگست کو سنگا پور اور کویت جبکہ 24 اگست کو ہی ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات ایشیاء کپ میں کوالیفائی کرنے کیلئے  زور لگائیں گے ۔

مزید :

کھیل -