موٹر وے بس حادثے کا مقدمہ تھانہ سٹی جلال پور میں درج کر لیا گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) ملتان سکھر موٹر وے پر ہونے والے بس حادثے کا مقدمہ تھانہ سٹی جلال پور میں موٹر وے پولیس آفیسر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ایف آئی آر میں کہا گیا کہ بس ڈرائیور لا پرواہی اور غفت سے ڈرائیورنگ کر رہا تھا ، تیز رفتاری کے باعث بس آئل ٹینکر سے ٹکرائی ۔
خیال رہے کہ موٹر وے ایم فائیو پر جلال پور انٹر چینج کے قریب بس اور ٹینکر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہو گئے تھے ۔گزشتہ رات اڑھائی بجے کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث آگے جاتے ہوئے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹینکر میں اور بس میں آگ بھڑک اٹھی ، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بس اور ٹرک کو لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کے بعد موٹر وے پولیس ، ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں ، آگ پر 3 گھنٹے کی محنت کے بعد قابو پایا گیا ، حادثے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے ، ڈرائیور سمیت 20 افراد حادثے میں جاں بحق ہوئے ، آگ کے باعث لاشیں بری طرح جھلس گئیں ، لاشوں اور زخمیوں کو ملتان نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق بس میں مجموعی طور پر 24 مسافر سوار تھے جن میں سے دو حیدر آباد جبکہ 22 مسافر کراچی جا رہے تھے ، تمام مسافر لاہور سے سوار ہوئے تھے ۔
لاہور سے عثمان اور رئیس حیدر آباد کیلئے سوار ہوئے تھے جبکہ کراچی جانے والے مسافروں میں زاہد ، انس شاہد ، محمد عرفان ، نوید اشرف ، عدیل شاہد ، شاہد یعقوب ، ریاض ، عبد النافع، حسن ، احمد ،حاشر احمد ، محمد مدثر ، شاہد یعقوب شامل ہیں ۔
مسافر عدیل شاہد ، شاہد یعقوب ، عبدالنافع ، انس شاہد ، حسن ، حاشر احمد اور شاہد یعقوب کے نام پر دو ، دو سیٹیں لی گئیں جس کے باعث ان کے ساتھیوں کی شناخت تادم تحریر نہ ہو سکی ۔