اپنی بیوی کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی کرنے والا شوہر پکڑا گیا

اپنی بیوی کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی کرنے والا شوہر پکڑا گیا
اپنی بیوی کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی کرنے والا شوہر پکڑا گیا

  

گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک) گوجرانوالہ میں اپنی بیوی کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ملزم کی شناخت شہزاد سہیل کے نام سے ہوئی ہے جو احمد نگر پولیس سٹیشن کی حدود میں واقع علاقے حسن والی کا رہائشی ہے۔ ملزم نے رواں سال فروری میں مبینہ طور پر اپنی بیوی کے قتل کی منصوبہ بندی کی، جسے بے نقاب کرنے میں پولیس کو 6ماہ کا عرصہ لگ گیا۔

ملزم نے اپنی بیوی کے قتل کو ڈکیتی کی واردات کا رنگ دے کر خود کو بچانے کی کوشش کی۔ ملزم کئی سال قبل کینیڈا گیا تھا اور وہاں اس کی ملاقات اپنی اہلیہ ردا سے ہوئی۔ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے اور بعد ازاں شادی کر لی۔ دونوں کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی بھی تھی۔ وہ حالیہ دنوں معمول کے مطابق اپنے رشتہ داروں سے ملنے پاکستان آئے ہوئے تھے۔

ملزم کے والدین اب بوڑھے ہو چکے تھے لہٰذا اس نے کینیڈا واپس جانے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اب وہ اپنے والدین کے ساتھ ہی رہے گا۔ تاہم ردا نے پاکستان میں رہنے سے انکار کر دیا۔ یہی معاملہ میاں بیوی کے مابین جھگڑے کا سبب بنا۔ جس پر ملزم نے اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔

ملزم واردات کے روز اپنی اہلیہ اور بچوں کو شاپنگ کےلیے لے  کر گیا جہاں سے واپسی پر گاﺅں گل والا کے قریب انہیں دو مسلح ڈاکوﺅں نے روک لیا۔ ان سے 40ہزار روپے کیش اور 30ہزار روپے مالیت کے موبائل فون چھین لیے۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس کی اہلیہ نے اپنا فون ڈاکوﺅں کو دینے سے انکار کر دیا تھا اور مزاحمت کی تھی جس پر انہوں نے اسے گولی مار دی۔ 

پولیس نے مقتولہ کے بچوں کے دو بار انٹرویو کیے اور بچوں کی باتوں سے انہیں ملزم شہزاد کا کردار مشکوک لگا اور اسے بھی شامل تفتیش کر لیا گیا۔ بعد ازاں پولیس ایک ڈاکو کو بھی گرفتارکرنے میں کامیاب ہو گئی جس کا نام خضر تارڑ تھا۔ خضر تارڑ نے بھی دوران تفتیش اعتراف کر لیا کہ ڈکیتی اور قتل کی یہ واردات منصوبہ بندی کے تحت ہوئی تھی۔ یہ کوئی ڈکیتی نہیں تھی بلکہ انہوں نے مقتولہ کے شوہر کے کہنے پر منصوبہ بندی کے تحت خاتون کو قتل کیا تھا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -گوجرانوالہ -