چائے بنانے سے انکار پر بیوی کے قتل کی کوشش کرنے والا شوہر گرفتار

چائے بنانے سے انکار پر بیوی کے قتل کی کوشش کرنے والا شوہر گرفتار
چائے بنانے سے انکار پر بیوی کے قتل کی کوشش کرنے والا شوہر گرفتار

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں چائے بنانے سے انکار پر بیوی کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو میں کوئمبٹور کے نواحی گاﺅں پپامپٹی میں پیش آیا۔ ملزم کی شناخت کے مہمون کے نام سے ہوئی ہے، جس کا شراب نوشی کی لت کی وجہ سے اپنی اہلیہ لکشمی کے ساتھ جھگڑا رہتا تھا۔

واقعے کے روز لکشمی نے اسے سودا لانے کے لیے کچھ پیسے دیئے جو اس نے شراب پینے میں اڑا دیئے اور خالی ہاتھ واپس گھر آ گیا، جس پر لکشمی بہت سیخ پا ہوئی۔ کچھ دیر بعد مہمون نے اپنی اہلیہ لکشمی کو چائے بنانے کے لیے کہا۔ لکشمی نے نہ صرف چائے بنانے سے انکار کر دیا بلکہ کہا کہ جب تک وہ شراب نوشی نہیں چھوڑے گا وہ کھانا بھی نہیں بنائے گی۔

یہ سن کر ملزم طیش میں آ گیا اور درانتی اٹھا کر لکشمی پر حملہ کر دیا۔ اس نے درانتی سے لکشمی کا گلہ کاٹنے کی کوشش کی۔ لکشمی کی گردن، چہرے اور بازوﺅں پر زخم آئے۔ لوگوں نے شور سن کر لکشمی کی جان بچائی اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ لکشمی کو کوئمبٹور میڈیکل کالج ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -