کرائے کا گھر خالی کرنے کے بعد فریزر میں مٹر کی ایک پھلی اور فرش پر مرچ کا ایک ٹکڑا ملنے پر مالک مکان نے ایڈوانس ہی واپس کرنے سے انکار کردیا، حیران کن کہانی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ میں ایک مالک مکان نے لڑکیوں کو گھر کرائے پر دیا اور جب انہوں نے خالی کیا تو ایسا جواز تراش کر ان کا 53ہزار روپے کا سکیورٹی ڈیپازٹ واپس کرنے سے انکارکر دیا کہ سن کر آپ بھی ہنسنے لگ جائیں گے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق میٹلڈا نامی اس لڑکی نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں یہ مضحکہ خیز واقعہ سنایا ہے۔
میٹلڈا بتاتی ہے کہ اس نے اپنی دو سہیلیوں کے ساتھ مل کر ایک گھر کرائے پر لیا۔ گزشتہ روز جب انہوں نے گھر خالی کیا تو گھر کی مالک خاتون نے ہر چیز کا بغور معائنہ کیا۔ اسے اور تو کوئی چیز نہ ملی، البتہ فریز میں مٹر کی ایک پھلی اور فرش پر مرچ کا ایک ٹکڑا پڑا مل گیا۔ اس نے انہی دو چیزوں کو جواز بنا لیا اور کہا کہ تم گندگی پھیلا کے جا رہی ہو لہٰذا تمہارے سکیورٹی ڈیپازٹ میں سے 210پاﺅنڈ(تقریباً 53ہزار 961روپے) کٹوتی کی جائے گی۔
ویڈیو میں میٹلڈا کہتی ہے کہ فریز میں پڑی مٹر کی ایک پھلی کو نکالنا اور زمین پر پڑے سبز مرچ کے ایک ٹکڑے کو صاف کرنا اتنا مشکل کام تھا کہ مالک مکان خاتون نے ہماری اتنی رقم ضبط کر لی۔ میں اور میری سہیلیاں پریشان ہیں کہ ہماری مالک مکان کو اب نجانے یہ چیزیں صاف کرانے کے لیے کتنا عملہ بلانا پڑے گا اور کتنے دن صفائی پر صرف ہوں گے۔ ویڈیو پر کمنٹس میں صارفین میٹلڈا کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ اس خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرا دیں۔