ضلع کرم میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، وفاقی وزیر ساجد طوری کا وزیر اعظم کو خط

ضلع کرم میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، وفاقی وزیر ساجد ...
ضلع کرم میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، وفاقی وزیر ساجد طوری کا وزیر اعظم کو خط

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر برائے  سمندر پار پاکستانیز ،  ترقی و انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے وزیراعظم  سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ضلع کرم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی امدادی پیکج میں شامل اور متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ 

ساجد طوری نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ حالیہ سیلاب نے ان کے حلقہ این اے 46 کو شدید متاثر کیا ہے ،  دریائے کرم کے کنارے  کچے مکانات ،  فصلیں اور باغات تباہ ہو چکے ہیں۔  ضلع کرم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی امدادی پیکج میں شامل کیا جائے اور متاثرین کی مالی امداد کی جائے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود سے انکے دفتر میں ملاقات کی جس میں ضلع کرم کو موٹروے کیساتھ جوڑنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر مواصلات  نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبے میں ضلع کرم کے عوام کے حقوق کو مدنظر رکھا جائے گا اور منصوبے میں پیش کردہ پلان کو شامل کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ساجد طوری نے سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں پاکستانی مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میتوں کی وطن منتقلی کے لیے فوری اقدامات کے احکامات جاری کر دیے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -