پنجاب حکومت کے قیمتوں میں استحکام کے لئے مستحسن اقدامات (2)

پنجاب حکومت کے قیمتوں میں استحکام کے لئے مستحسن اقدامات (2)

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کے لئے صوبہ بھر میں ہفتے میں تین دن سستے بازار لگانے کا فیصلہ حکومت پنجاب کا ایک اور مستحسن اقدام ہے۔ صوبے بھر میں 142 سہولت بازار ہفتے میں تین دن لگائے جا رہے ہیں۔ ان بازاروں میں جہاں اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی گئی ہے وہاں عوام کو 20کلو آٹے کا تھیلا ایکس مل ریٹ765روپے میں دستیاب ہے- محمد شہبازشریف کا یہ کہنا کہ عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیاءکی مقررہ نرخوں پر فراہمی سے کوئی چیز اہم نہیں۔ انہوں نے اپنے اس قول پر عمل کرتے ہوئے عوام کو کھانے پینے کی چیزوں کی مناسب نرخوں پر فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے۔ قیمتوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور ہیلپ لائن کے قیام کی بھی ہدایت کی۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فراہمی کے ساتھ ساتھ ملاوٹ سے پاک اشیاءکی فراہمی بھی اتنی ہی ضروری ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب بھر میں کھانے پینے کی اشیاءمیں ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاءمیں ملاوٹ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ملاوٹ کا سدباب کرکے شہریوں کو حفظان صحت کے مطابق اشیائے خورد و نوش کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی یہ ذمہ داری نبھانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھانے پینے کی اشیاءمیں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف قانون کو مزید مو¿ثر بنانے کیلئے سفارشات مرتب کی جائیں۔
 وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی متعلقہ اداروں کے تعاون سے ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف بغیر کسی دباﺅ کے کارروائی عمل میں لائے اور ملاوٹ کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ کھانے پینے کی اشیاءمیں ملاوٹ کے باعث نہ صرف صحت کے مسائل پیدا ہوتے ہیں بلکہ کئی موذی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔ فوڈ اتھارٹی کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع تک مرحلہ وار بڑھایا جا رہا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ فوڈ اتھارٹی کے عملے کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے۔ اشیائے خورد و نوش کی حفظان صحت کے اصولو ںکے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے ساتھ ان کے ناپ تول کے نظام کو مو¿ثر طریقے سے لاگو کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس ضمن میں اوزان پیمائش و ناپ تول پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ اشیاءکے ناپ تول کے نظام کو مزید فعال بنانے کیلئے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کا جائزہ لیا جائے اور اشیاءکی قیمتوں میں استحکام اور طلب و رسد کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے تسلسل کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
پنجاب پورے پاکستان کیلئے گرین باسکٹ ہے اور زرعی اجناس کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے صوبہ پنجاب کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سبزیوں اور دالوں کی پیداوار بڑھانے کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اشیائے ضروریہ، سبزیوں اور دالوں کی پیداوار میں اضافے اور قیمتوں میں استحکام کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ سبزیوں اور دالوں کی سپلائی اور ڈیمانڈ کے حوالے سے شارٹ ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم حکمت عملی اپنائی جائے اور اس ضمن میں متعلقہ محکمے اہداف مقرر کرکے انہیں ہر صورت حاصل کریں تاکہ نہ صرف سبزیوں اور دالوں کے زیرکاشت رقبے میں اضافہ ہوسکے بلکہ پیداوار بھی بڑھائی جاسکے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عام آدمی کی دسترس میں رکھنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔
 سبزیوں اور دالوں کے ساتھ گوشت، چکن، بیف، دودھ اور انڈوں کی قیمتوں میں استحکام کیلئے مو¿ثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے متعلقہ وزراءاور سیکرٹریز اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ سبزیوں اور دالوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے کلسٹر سینٹر قائم کرے اور کچن گارڈننگ کو دیہی علاقوں تک فروغ دے۔ نرسریوں میں سبزیوں کی کاشت کے پروگرام کو آﺅٹ سورس کیا جائے اور لاہور کے سرحدی علاقوں میں سبزیاں اگانے کیلئے اراضی کی نشاندہی کا عمل جلد مکمل کیا جائے، اس پروگرام پر عملدرآمد سے سبزیوں کی کاشت میں اضافہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ سبزیوں اور دالوں کے بیجوں کی کوالٹی کو بہتر بنانے کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے کام پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے بلکہ کاشتکاروں کی حالت کو بھی بہتر بنایا جا سکتاہے۔ دالوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے کاشتکاروں کو سبسڈیزائڈ نرخوں پر اعلیٰ کوالٹی کے بیج فراہم کئے جائیں۔ سبزیوں اور دالوں کی کاشت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سٹار فارمنگ کے جدید ماڈل کا جائزہ لیا جائے۔ سبزیوں کو مناسب طریقے سے سٹور کرنے کیلئے کولڈ سٹوریج کی سہولت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور نئے کولڈ سٹوریج کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں سبزیوں اور دالوں کے حوالے سے ملکی ضروریات پوری کرنے کے بعد برآمد کرنے کا پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کاشتکاروں کو ان کی اجناس کے بہتر معاوضہ کی ادائیگی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے گندم کے ذخائر کو محفوظ طریقے سے سٹور کرنے کیلئے سائلوز کی تعمیر میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ گندم کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے سائلوز کی تعمیر کیلئے فی الفور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ سائلوز کی تعمیر سے نہ صرف اربوں روپے کی گندم کے ذخائر مناسب طریقے سے محفوظ کرنے میں مدد ملے گی بلکہ گندم کو ضائع ہونے سے بھی بچایا جاسکے گا۔بلاشبہ حکومت کے بروقت اقدام کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے اور عوام کو ریلیف ملا ہے۔ تاہم قیمتوں میں استحکام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہنے چاہئیں ۔ تاہم عام آدمی کی سہولت اور اشیائے صرف کی قیمتوں کو اس کی دسترس میں رکھنے کے لئے مستقل بنیادوں پر ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جس کے تحت کوئی ذخیرہ اندوز ناجائز منافع خوری نہ کر سکے۔ (ختم شد)      ٭

مزید :

کالم -