پارٹی کے کنوینر کی حکومت سازی کے سلسلے میں دہلی کے نجیب جنگ سے ملاقات
نئی دہلی(اے پی پی) بھارت میں ریاستی اسمبلیوں کیلئے منعقدہ حالیہ انتخابات میں دہلی میں تاریخ بنانے والی عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے حکومت سازی کے سلسلے میں دہلی کے نائب گورنر نجیب جنگ سے ملاقات کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اروند کیجریوال نے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر کانگریس اور بی جے پی اپنی حکومت کے دوران ہونے والے گھپلوں کی تفتیش کروانے کے لیے تیار ہیں تو وہ صلاح مشورہ کرنے کے بعد حکومت سازی کے لیے تیار ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے برسر اقتدار حکمراں اتحاد یو پی اے کی صدر سونیا گاندھی اور بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ کو خط بھی لکھا ہے۔ اس خط میں کیجریوال نے کئی مسائل کا ذکر کیا ہے اور دونوں جماعتوں کے رہنماو¿ں سے جواب طلب کیا ہے۔
انھوں نے کہا ’میں نے 17،18 مسائل پر بات کی ہے جن میں ممبران اسمبلی اور کونسلروں کے فنڈ منسوخ کرنے کی بات بھی شامل ہے ۔کیجریوال نے کہا ’کانگریس نے غیر مشروط اور بی جے پی نے اصولی بنیاد پر حمایت دینے کی بات کہی ہے لیکن کوئی بھی حمایت غیر مشروط نہیں ہوتی۔ انھوں نے کہا ہم سیاست میں اقتدار حاصل کرنے یا وزیر اعلی بننے کے لیے نہیں آئے، ہم عام آدمی ہیں، مہنگائی اور بدعنوانی سے پریشان ہیں اورہم ان مسائل کو ختم کرنے کے لیے آئے ہیں۔ کیجریوال نے نائب گورنر سے حکومت بنانے کے لیے دس دن کا وقت مانگا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ عوام سے رائے لے کر حکومت بنائیں گے۔