اسد مشہدی کی قیادت میں چیمبر کے وفد کی کور کمانڈر راولپنڈی سے ملاقات

اسد مشہدی کی قیادت میں چیمبر کے وفد کی کور کمانڈر راولپنڈی سے ملاقات

راولپنڈی ( کامرس ڈیسک)کور کمانڈر راولپنڈی قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی کلب کو از سر نوتشکیل کیا جائے گا اور پہلے سے زیادہ فعال بنایا جائے گا ، کینٹ کی خوبصورتی میں اضافے کو ترجیح دی جائے گی اور اس حوالے سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مشاورت شہر کے حسن کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی، راولپنڈی چیمبر نے علاقے کی بہتری اور ترقی میں بھر پور کردار ادا کیا ہے جس پر ادارہ مبارکباد کا مستحق ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں راولپنڈی چیمبر کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ،وفد کی قیادت صدر چیمبر سید اسد مشہدی کر رہے تھے جبکہ سابق صدور شیخ شبیر، نجم ریحان ، منظر خورشید شیخ، نائب صدر صبور ملک ،خلیل احمد نون، شیخ شہزاداختر، افضل ملک اور شیخ حفیظ بھی وفد میں شریک تھے۔کو رکمانڈر نے آر سی سی آئی ٹرسٹ کی طرف سے کینٹ کے علاقہ میں اسکول کے قیام کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کی سماجی خدمت قابل تعریف ہے اس سے معاشرتی برائیوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور مستحق افراد کو اعلیٰ تعلیم کی بہترین سہولیات مفت میسر ہوں گی جس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی رونما ہو گی،انہوں نے اس ضمن میںصدر چیمبر کو جگہ کی فراہمی کے حوالے سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔

قبل ازیں صدر چیمبر سید اسد مشہدی نے کو کمانڈر کو راولپنڈی چیمبر کے بارے میں تفصیل سے بریف کیا اور خاص طور پر چیمبر کی سماجی خدمات کے حوالے سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ آر سی سی آئی ٹرسٹ شہر کے وسعت میں ایک ہسپتال اور اسکول کی تعمیر پر کا م کرنا چاہتا ہے تا کہ مستحق و نادار افراد کو اعلیٰ تعلیم کی بہترین سہو لیات فراہم کی جائیں

 ،انہوں نے کینٹ ہسپتال کی حالت زار کو بہتر کرنے اور پورے ہسپتال کو فعال کرنے میں راولپنڈی چیمبر کی خدمات پیش کیں جس پر کو ر کمانڈر نے انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔صدرراولپنڈی چیمبر نے کینٹ کی خوبصورتی کے لئے چیمبر کے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور مستقبل میں مل کر کا م کرنے کا اعادہ کیا ۔

مزید : کامرس