جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل شروع
سینچورین( نیٹ نیوز) جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سینچورین میں شروع ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان دنوں دورہ جنوبی افریقہ پر ہے جہاں وہ تین ٹیسٹ، تین ٹی 20 اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 17 سے 21 دسمبر تک سینچورین میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک پورٹ الزبتھ جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 2 سے 6 جنوری تک کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹی 20 میچ 9 جنوری کو کیپ ٹاﺅن، دوسرا 11 جنوری کو جوہانسبرگ جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ 14 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔