کبڈی ورلڈ کپ ،پاکستان کینیڈا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
لدھیانا (نیٹ نیوز )کبڈی ورلڈ کپ2014ءمیں پاکستان کی مردوں کی ٹیم کینیڈا کو 45-35 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے، پاکستان کی طرف سے کپتان شفیق چشتی، اکمل شہزاد ڈوگر ، مشرف جاوید جنجوعہ، عرفان مانا اور علی شان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح دلائی، تفصیلات کے مطابق کبڈی ورلڈ کپ 2014ءمیں پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے بھارت کے شہر پٹیالہ میں ہونیوالے اپنے چوتھے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے، کینیڈا کیخلاف میچ میں پاکستان کی طرف سے کپتان شفیق چشتی، اکمل شہزاد ڈوگر ، مشرف جاوید جنجوعہ، عرفان مانا اور علی شان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا اور واضح فرق سے میچ بآسانی جیت لیا، پاکستانی کھلاڑیوں نے خوبصورت ریڈز اور سٹاپ کرکے متعدد پوائنٹس حاصل کرکے کینیڈا کو 45-35سے شکست دی، پاکستانی کھلاڑیوں کے بہترین کھیل پر شائقین نے انہیں بھرپور داد دی۔ پاکستان اپنا پانچواں اور آخری لیگ میچ 17دسمبر کو امرتسر میں ارجنٹینا کیخلاف کھیلے گا، واضح رہے کہ پاکستان کی خواتین کی کبڈی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے، مردوں اور خواتین کے سیمی فائنل 18دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔