گرفتاریاں یورپی اقدار کے منافی ہیں ٗیورپی یونین کی شدید تنقید

گرفتاریاں یورپی اقدار کے منافی ہیں ٗیورپی یونین کی شدید تنقید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


برسلز /انقرہ (این این آئی)ترکی میں میڈیا کے نمائندوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاری کے خلاف یورپی یونین کے سرکردہ رہنماؤں نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ گرفتاریاں یورپی اقدار کے منافی ہیں غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈیریکا موغرینی اور یورپی یونین کو توسیع دینے کے سلسلے میں مذاکراتی کمشنر نے کہا کہ یہ گرفتاریاں یورپی اقدار کے منافی ہیں۔واضح رہے کہ ایک سرکردہ اخبار اور ٹی وی سٹیشن سے پولیس کے چھاپے میں کم از کم 24 افراد گرفتار کیے گئے ہیں اور ان کے بارے میں یہ کہا جا رہا ہے کہ حزب اختلاف سے ان کے تعلقات ہیں۔گرفتار کیے جانے والے صحافیوں پر ایک غیر قانونی ادارہ قائم کرنے اور ریاست کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔زمان اخبار اور سمنیولو ٹی وی چینل دونوں کا تعلق امریکہ میں مقیم اسلامی رہنما فتح اللہ گولن سے ہے۔فتح اللہ گولن ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان کے پہلے حامی ہوا کرتے تھے تاہم اب وہ خود اختیاری جلاوطنی کی زندگی گذار رہے ہیں۔ ان پر ترکی میں متوازی حکومت چلانے کا الزام ہے۔موغرینی اور یورپی توسیعی کمشنر جوہانس ہان نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے مکمل طور پر قانون اور بنیادی حقوق کی پاسداری ضروری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ چھاپے اور گرفتاریاں میڈیا کی آزادی کے منافی ہیں جو کہ جمہوریت کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ بے گناہی کے حسن ظن کے اصول کو بروئے کار لایا جائے گا اور آزادانہ اور شفاف جانچ کے حق کا استعمال کیا جائے گا۔‘واضح رہے کہ چند دن پہلے ہی فتح اللہ گولن کے حامیوں کے خلاف مہم شروع کرنے کے اردوگان کے اعلان کے بعد یہ چھاپے سامنے آئے ہیں۔گرفتار کیے جانے والے افراد میں صحافی، پروڈیوسرز، سکرپٹ رائٹرز اور ایک پولیس چیف بھی شامل ہیں۔ ان میں زمان اخبار کے مدیر اعلی اور سمنیولو ٹی کے چیئر مین بھی شامل ہیں۔استنبول میں روزنامہ زمان کے دفتر پر چھاپے کے وقت لوگوں کی ایک بڑی تعداد عمارت کے باہر جمع تھی اور انھوں نے پولیس کو عمارت سے باہر نکالنے پر مجبور کیا۔ہدایت کاراکا نے گرفتاری سے پہلے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حکومت کی کارروائی کو ترکی کے لیے باعث شرمندگی قرار دیا۔روزنامہ زمان کے عملے کو پولیس کی کارروائی کا پہلے ہی علم ہو گیا تھا کیونکہ ٹوئٹر پر پولیس کریک ڈاؤن کی معلومات افشا ہو گئی تھیں۔جب پولیس نے چھاپے مارے تو زمان اخبار کے سٹاف پلیکارڈ لیے کھڑے تھے اور وہ یہ نعرے لگا رہے تھے کہ ’آزاد پریس کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔مدیر اعلی اکرم دومنلی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جنھوں نے جرم کیا ہے انھیں خوفزدہ ہونا چاہیے ہم لوگ خوفزدہ نہیں ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -