پی ٹی آئی ترقی کا رواں پہیہ روکنے میں ناکام رہی ،رانا ارشد

پی ٹی آئی ترقی کا رواں پہیہ روکنے میں ناکام رہی ،رانا ارشد

 لاہور(پ ر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ترقی کا رواں پہیہ روکنے میں ناکام رہی۔ایمبولینسز میں مریضوں کی ہلاکت اور کوریج کرنے والے صحافیوں پر تشدد قابل مذمت ہے۔ نئے پاکستان کے دعویداروںکا بھیانک چہرہ سب کے سامنے آ گیا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد نے ایک بیان میں کہا کہ کھلی دکانیں اور سڑکوں پر رواں ٹریفک دن بھر عمران خان کے دھرنے کا منہ چڑاتی رہی۔ سڑکوں پر ٹائر جلا کر شہریوں کا راستہ روکنے سے پی ٹی آئی کا پرامن احتجاج عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ جلاﺅ گھیراﺅ کرنے والوں نے ایمبولینس میں ہسپتال جانے والے مریضوں کا بھی احساس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں ‘ جلسوں اور ہڑتالوں کے کاروباری ‘ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ معاشی ترقی روکنے کا پلان سی ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ پرتشدد ہڑتالیں اور احتجاج پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔ رانا ارشد نے کہا کہ پے درپے ہڑتالوں کی وجہ سے غریب آدمی کا چولہا ٹھنڈا ہو گیا اور دیہاڑی دار مزدور بھوکا سونے پر مجبور ہے۔ ایک طرف میاں محمد نوازشریف لاہور اسلام آباد موٹروے کی تعمیرنو کے منصوبے کا افتتاح کر رہے تھے اور دوسری طرف عمران خان غیرملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کے دوسرے بڑے اقتصادی مرکز کو یرغمال بنانے میں کوشاں رہے۔ لاہور میں دیہاڑی کمانے والے 7لاکھ مزدور روزگار سے محروم رہے۔ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اگر جرم ہے تو یہ جرم ہم کرتے رہیں گے۔

مزید : علاقائی