عمران خان باز آ جاﺅ ،7دن جیل میں کٹے تو گھٹنے کے بل آ جاﺅ گے،سعد رفیق

عمران خان باز آ جاﺅ ،7دن جیل میں کٹے تو گھٹنے کے بل آ جاﺅ گے،سعد رفیق ...

                    لاہور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاہور یوں کا صبر جیت گیا اور عمران کا سونامی ہار گیا ۔جوڈیشل کمیشن کو ئی ”چھو منتر “نہیں جو 48گھنٹوں میں بنا دیا جائے ۔اگر عمران خان نے جوڈیشل کمیشن بناناہے تو انہیں قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ آنا ہوگا۔ہمارے پاس اتنی اکثریت نہیں کہ قانون سازی کرکے جوڈیشنل کمیشن بنادیں ۔تحریک انصاف کے اراکین کی حمایت سے ہی قانون سازی ممکن ہے اس کے بغیر کوئی اورراستہ ہے ہی نہیں۔عمران خان باز آجاﺅ ،بال ٹھاکرے نہ بنو۔اگر 7دن جیل میں کاٹنے پڑگئے تو گھٹنے کے بل آجاﺅ گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ریلوے ہیڈ کواٹر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم حسین قادری ،اور وزیر اعلی پنجاب کے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بھی ہڑتال کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اہل لاہور نے عمران کے شیطانی سونامی کو مسترد کردیا ہے سونامی کا آسیب گھنٹوںلاہور پر چھایا رہا ۔4بے گناہ اس کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں ،فیصل چوک میں ان کی اپنی ہی پارٹی کی خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی گئی ،میڈیا میں کام کرنے والی بچیوں کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔عمران خان صاحب یہ نہیں چلے گا ۔پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم حسین قادری نے کہا کہ والدین کو بچوں کے سامنے پیٹا گیا ۔چند دہشت گردوں نے ڈنڈوں اینٹوں کے ساتھ جلاﺅ گھیراﺅ کیا۔،پی ٹی آئی نے میٹروبس روکی اور تشدد کیا۔یہ سب کچھ قوم کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں ،4قیمتی جانیں عمران کے پرتشدد احتجاج کی نذر ہوئیں۔ان کے ورثا کو پنجاب کے وزیر اعلی نے پانچ پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے یہ رقم ان کے زخموں کا مدوا نہیں کرسکتی ۔وزیر اعلی پنجاب کے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تاجروں کو حراساں کیا گیا ۔پی ٹی آئی والوں نے ایمبولینسز کو معاف نہیں کیا۔

مزید : علاقائی