دوران پرواز پرندے کی ٹکر نے جہاز میں سوراخ کر دیا اور پھر

دوران پرواز پرندے کی ٹکر نے جہاز میں سوراخ کر دیا اور پھر

نیویارک(نیوزڈیسک)ہوائی جہازوں کے ساتھ پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات تو اکثر پیش آتے رہتے ہیں لیکن حال ہی میں ایک طیارے سے پرندہ اس قدر ہولناک طریقے سے ٹکرایا کہ اس نے جہاز کے اندر سوراخ کردیا اور جہاز ایک بڑے حادثے کے قریب پہنچ گیا لیکن پائلٹوں کے بروقت اقدام نے 150قیمتی جانیں بچا لیں۔تفصیلات کے مطابق ساﺅتھ ویسٹ ائیر لائنز کاطیارہ سینٹ اینٹونیو سے بالٹی مور جا رہا تھا لیکن راستے میں ایک بھاری پرندہ جہاز سے ٹکرایا۔یہ تصادم اتنا شدید اور زوردار تھا کہ سب لوگ سمجھے کہ شائد کوئی بم پھٹ گیا ہو۔اس پرندے کے ٹکرانے کے بعد جہاز کے ایک حصے میں سوراخ ہو گیا اور باہر کی ہوا تیزی سے جہاز کے اندر آنے لگی جس کے باعث طیارے کا توازن ڈگمگانے لگا لیکن پائلٹوں کی عقلمندی سے جہاز کو باحفاظت بالٹی مور واشنگٹن انٹرنیشنل ائر پورٹ پر اتار لیا گیا۔ موقع پر فائر بریگیڈ اور ایمبولینس پہنچ گئیں ، خوش قسمتی سے جہاز پر سوار 142مسافر وں کے علاوہ جہاز کا دیگر عملہ مکمل طور پر محفوظ رہا۔ایک مسافر انٹونیو وولف جو کھڑکی کی طرف بیٹھا تھا، نے تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کردی۔ اس کا کہنا تھا کہ جس جگہ پرندہ ٹکرایاوہاں ایک بڑا سوراخ بھی ہوگیا تھا اور جہاز کی آواز بھی کافی عجیب ہو گئی تھی۔

مزید : علاقائی