تحریک انصاف سازش کے تحت ملک تباہ کرنا چاہتی ہے،وقار احمد میاں

تحریک انصاف سازش کے تحت ملک تباہ کرنا چاہتی ہے،وقار احمد میاں

لاہور ( وقائع نگار )انجمن تاجران آٹوپارٹس کے صدر وقار احمد میاں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے عوام پر تشدد ،ڈنڈے کے زور پر ٹریفک روکنے اور جلاؤ گھیراؤ کی شدید مذمت کرتے ہوئے صنعتکاروں ، تاجروں اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف اور اس کے حواریوں کو ہرگز ووٹ نہ دیں جو ملک کی تقدیر بدلنے کے نام پر غنڈہ گردی اور عوام کو ذلیل و رسواکررہے ہیں۔ ایک بیان میں وقار احمد میاں نے کہا کہ تحریک انصاف سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں تحریک انصاف نے احتجاج کے نام پر جو غنڈہ گردی کی اس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا جبکہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے ایمبولینسوں کو بھی گزرنے کا راستہ نہیں دیا

جس کی وجہ سے کئی مریض جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سمیت دیگر پٹے ہوئے گھوڑے ساتھ لیکر نیا پاکستان بنانے کا دعوی سراسر جھوٹ پر مبنی ہے ، درحقیقت عمران خان ملک کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ وقار احمد میاں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تحریک انصاف کو کھلی چھوٹ نہ دے کیونکہ اس کی قیادت سڑکوں پر لاشیں بچھی دیکھنے کی خواہشمند ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1