ڈاکٹر منصور علی دعوت دین اور خدمت خلق کیلئے ہمیشہ متحرک رہے،لیاقت بلوچ
لاہور (سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنما،سائنسدان اور ممتازسکالر ڈاکٹر سید منصور علی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی زیر صدارت منصورہ آڈیٹوریم میں کیاگیاجس میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس،پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی و امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرسیدوسیم اختر،اسداللہ بھٹو،فرید احمد پراچہ، سیکرٹری جنرل پنجاب نذیراحمد جنجوعہ،اظہراقبال حسن،مولاناعبدالمالک،عبدالغفار عزیز،سمیع اللہ بٹ ،سیدمعظم علی اور دیگر بھی موجودتھے۔لیاقت بلوچ نے ڈاکٹر سیدمنصورعلی کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر سید منصور علی سے میراتعلق بہت پرانا ہے۔ڈاکٹر سیدمنصورعلی مرحوم کی پہلی اور ابتدائی شناخت بطور ایک سیاستدان کی ہے انہوں نے ایشیاء اور اور بعد ازاں یورپ کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کی۔نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں انہیں تخصص کادرجہ حاصل تھا اور پاکستان سمیت کئی ممالک کے ممتاز سائنسدانوں کے ساتھ کام کرکے انہوں نے ناموری حاصل کی۔ڈاکٹر صاحب کی شخصیت کاسب سے نمایاں پہلویہ تھا کہ وہ ایک بہت بڑے انسان تھے ایک ایسے انسان جس پر انسانی تہذیب وشرافت کوناز اور اعلیٰ انسانی اقدار کو فخر تھا۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر صاحب مرحوم خوف وخشیت اور للہیت کانمونہ تھے اور دعوت دین اور خدمت خلق کے لئے ہر دم متحرک اور فعال تھے حافظ محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر سیدمنصورعلی نے خود کو دین اسلام کے لئے وقف کررکھاتھاانتہائی ہمدرد اور خداترس شخصیت کے مالک تھے اللہ تعالیٰ ان کو کروٹ کروٹ جنت دے اور ان کے لواحقین جودرحقیقت جماعت اسلامی کے کارکن اور ذمہ داران ہیں سب کو صبر جمیل دے۔ڈاکٹر سید منصور علی نے سعودی عرب میں انتہائی اچھی نوکری کوخیربادکہہ کر اپنی پوری زندگی اسلامی تحریک کے لئے وقف کررکھی تھی۔اسداللہ بھٹونے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر سید منصور علی بلند اخلاق کے مالک تھے اللہ تعالیٰ نے ان کو بہت ساری خوبیوں سے نوازاتھاملک وقوم اور دنیاکے لئے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔