بجلی کی قیمتوں میں کمی صنعتی ترقی کیلئے معاون ثابت ہو گی،ظہیر بھٹہ

بجلی کی قیمتوں میں کمی صنعتی ترقی کیلئے معاون ثابت ہو گی،ظہیر بھٹہ

لاہور ( کامرس رپورٹر) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے وزیراعظم کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں2روپے 32پیسے کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ کمی صنعتکار و عوام دوست فیصلہ ہے۔بجلی قیمتوں میں کمی صنعتی ترقی کیلئے معاون ثابت ہوگی اس سے معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ بجلی قیمتوں میں کمی سے انڈسٹریز کی پیداواری لاگت میں بچت ہوگی اور اس کا ریلیف عوام کو ملے گا جس کے نتیجہ میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی میں بھی کمی واقع ہوگی ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے میاں خرم الیاس سینئر وائس چیئرمین ،عامر عطاء باری وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ظہیر بھٹہ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات و بجلی کی قیمتوں میں کمی سمیت صنعتکار/تاجر برادری عوام بہتری کے ہر اچھے اقدام کی حمایت کرتی ہے بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے صنعتکار طبقہ پریشانی کا شکا رتھا مہنگی بجلی کے باعث پیدارواری اشیاء کی پیداواری لاگت میں اضافہ کے باعث پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈی میں شدید مقابلہ کرنا پڑرہا تھا اب بجلی کی قیمتوں میں کمی سے انہیں خاطر خواہ ریلیف ملے گا اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اشیاء کی برآمد سے پاکستان کو خاطر خواہ ریونیو حاصل ہوگا اور حکومت معاشی بحران سے بھی نکل آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات 60ڈالر فی بیرل سے بھی کم ہوگئی ہے اس لیے حکومت عوام دوست فیصلہ کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں بھی مزید کمی کرکے عوام کو ریلیف دے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1