حضرت مجدد الف ثانی ؒ نے اسلام کو بگاڑنے کی کوششیں ناکام بنائیں،رفیق تارڑ

حضرت مجدد الف ثانی ؒ نے اسلام کو بگاڑنے کی کوششیں ناکام بنائیں،رفیق تارڑ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)تحریک پاکستان کے نامور کارکن ، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے کہا ہے کہ حضرت مجدد الف ثانیؒ نے دو بادشاہوں کی طرف سے دین اسلام کو بگاڑنے کی کوششوں کو ناکام بنا کر تن تنہا وہ جہاد کیا کہ انسانی عقل دنگ رہ جاتی ہے آج ملک کا استحکام سب سے ضروری ہے ۔تمام مسلم امہ متحد اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لے تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں دورِ الحاد میں اسلامی تشخص اور دو قومی نظریہ احیاء کیلئے حضرت مجدد الف ثانیؒ کی خدمات کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کے دوران اپنے صدارتی خطاب میں کیااس تقریب کااہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز کے اشتراک سے کیا تھا۔تقریب کے مہمان خاص سجادہ نشین شرقپور شریف صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد شرقپوری تھے۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک ،نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔حافظ امجد علی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ الحاج اختر حسین قریشی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت اور حضرت مجدد الف ثانیؒ کے حضور منقبت پیش کی،نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے۔محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ حضرت مجدد الف ثانیؒ کے بڑے مداح تھے اور آپ نے سرہند میں ان کی قبر پر حاضری دے کر اپنے کلام کے ذریعے ان کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔حضرت مجدد الف ثانیؒ نے اللہ تعالیٰ کی مدد سے تن تنہا دو بادشاہوں کی ذہنی فکر کو شکست فاش دی۔اکبر بادشا ہ نے غیر مسلموں کی مدد سے دین اسلام کا حلیہ بگاڑکر ’’دین الٰہی ‘‘کے نام سے ایک نیا دین بنانے کی کوشش کی لیکن آج اس کا کہیں نام ونشان موجود نہیں ہے جبکہ حضرت مجدد الف ثانیؒ کے عقیدتمندوں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔تمام مسالک کے افراد حضرت مجدد الف ثانیؒ کی ذات پر متفق ہیں لہٰذا ان کی تعلیمات کی روشنی میں تمام مسالک کا متحد ہو جانا ناممکن نہیں ہے۔