این اے 122کے ووٹوں کے تھیلے آج نادر ہال پہنچائے جائیں گے
لاہور(نامہ نگار)حلقہ این اے 122ووٹوں کے تھیلے آج 16دسمبر کو صبح 9:00 بجے نادر ہال پہنچائے جائیں گے۔خزانہ برانچ سے تھیلے نادر ہال ضلع کچہری نہ پہنچائے جانے پر پی ٹی آئی کارکنان نے گزشتہ روز احتجاج بھی کیا۔الیکشن ٹریبونل کاظم علی ملک کی طرف سے ریٹرننگ آفیسر کو این اے ایک سو بائیس کے تھیلے کھولنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے اور حکم دیا تھا کہ یہ تھیلے لوکل کمیشن اور سابق جج غلام حسین اعوان کی نگرانی میں کھولے جائیں اور پندرہ دسمبر تک رپورٹ پیش کی جائے۔۔ تاہم ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ ووٹوں کے تھیلے اب منگل کی صبح نو بجے انتہائی سیکورٹی میں نادر ہال پہنچائیں جائیں گے۔ پی ٹی آئی ٹریڈر ونگ کے خرم قریشی کا کہنا ہے کہ ان کو عمران خان نے این اے 122کے تھیلوں کی انسپکشن کیلئے مقرر کیا تھا، وہ صبح سے ہی ضلع کچہری موجود تھے مگر انتظامیہ جان بوجھ کر پولنگ بیگ نہ لاکر کام التوا میں ڈال رہی ہے۔