گوجرانوالہ،سینئر صحافی مرزا شبیر بیگ مقامی قبرستان میں سپردخاک

گوجرانوالہ،سینئر صحافی مرزا شبیر بیگ مقامی قبرستان میں سپردخاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) روزنامہ پاکستان کے گوجرانوالہ بیورو کے نمائندہ خصوصی اور سینئر صحافی مرزا شبیر بیگ کو گزشتہ روز ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں کشمیر کالونی گوجرانوالہ کینٹ کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، وہ پیر کے روز دل کا دورہ پڑنے سے اچانک انتقال کرگئے تھے۔ مرحوم کی عمر 45 برس تھی، وہ حسب ِمعمول گھر سے رکشہ پر سوار ہوکر دفتر آرہے تھے کہ دوران سفر دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا اور وہ طبی امداد ملنے سے پہلے ہی خالق حقیقی سے جاملے، مرحوم نے بیوی کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں، ان کے چاروں بچے مختلف سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ وہ طویل عرصے سے روزنامہ پاکستان کے گوجرانوالہ بیورو میں خدمات انجام دے رہے تھے اور قبل ازیں کئی دیگر اداروں سے بھی منسلک رہے۔ مرحوم کو کرائم رپورٹنگ پر پوری دسترس حاصل تھی اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بالخصوص قدر منزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے، ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز کشمیر کالونی کی وسیع و عریض جنازگاہ میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جن مےں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، آزاد کشمیر حکومت کے نمائندے، سیاسی، سماجی و صحافتی شخصیات مرحوم کے عزیز و اقارب اور کشمیر کالونی کے رہائشی افراد جنازے میں شریک ہوئے۔ مرحوم کے ایصال و ثواب کے لئے رسم قل کل مورخہ 17 دسمبر کو صبح 10 بجے مسجد گلزار مدینہ محلہ مغلاں کشمیر کالونی گوجرانوالہ کینٹ میں ادا کی جائے۔
صحافی شبیر بیگ انتقال

مزید :

صفحہ آخر -