پاکستان کی ورک فورس نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ،آفتاب احمد کھوکھر

پاکستان کی ورک فورس نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ،آفتاب احمد کھوکھر

جدہ (محمد اکرم اسد/ بیورو چیف) پاکستان ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان کی ورک فورس نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے جبکہ ہمارے سائنسدانوں اور انجینئرز نے ملک کو ایٹمی قوت کا درجہ دلادیا۔ ان خیالات کا اظہار قونصل جنرل پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پاکستان ایگزیکٹو گروپ کے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیز سے کہا کہ مایوسی کی کوئی بات نہیں پاکستان ترقی کے زینے طے کررہا ہے، جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہیے۔ ان سے پہلے پاکستان سے آئے کامس ٹیک (Comstech) کے کوارڈینیٹر جنرل ڈاکٹر شوکت حمید خان نے ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی اور بتایا کہ پاکستان نے کئی شعبہ جات میں ترقی کی ہے اور پاکستانی اس پر فخر کرسکتے ہیں اور ترقی کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے پریزنٹیشن کی مدد سے مختلف تنظیموں میں کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ قونصل جنرل نے آخر میں امرالقریٰ یونیورسٹی میں 15 پاکستانی ریسرچر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ کررہے ہیں۔ آخر میں مہمان خصوصی ڈاکٹر شوکت حمید خان نے ریسرچر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں قونصل جنرل کے ساتھ ملکر شیلڈ پیش کیں، نظامت کے فرائض پاکستان ایگزیکٹو گروپ کے سیکرٹری جنرل عزیز اللہ شریف نے کی۔

لوہا منوایا

مزید : صفحہ آخر