دھرنے میں شریک کارکن نعرے بازی کے دوران دم توڑ گیا

دھرنے میں شریک کارکن نعرے بازی کے دوران دم توڑ گیا

لاہور (کرائم سیل )پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے شٹر ڈاؤن اور احتجاج کی کال پر دھرنے میں شامل کارکن جذباتی ہوتے ہوئے نعرے بازی کے دوران حرکت قلب بند ہونے کے باعث دم توڑ گیا جبکہ جلسہ میں شامل موٹر سائیکل سوار آپس میں ٹکرانے کے باعث شدید زخمی ہو گئے دیگر واقعات میں 5 افراد کو طبی امداد کیلئے ایدھی ایمبولینس کی طرف سے ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ۔ایدھی ذرائع کے مطابق 19 مقامات پر 60 ایمبولینس کھڑ ی کی گئیں جہاں 1 سو 29 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے جوڑے پل پر پی ٹی آئی کارکن نعرے بازی کرتے ہوئے جذباتی ہو گیا اور ا س دوران ہارٹ اٹیک ہونے کے باعث اسے فوری طبی امداد کیلئے پی آئی سی پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا متوفی پی ٹی آئی کارکن الطاف کالونی کینٹ کا رہائشی 45 سالہ امانت بتایا جاتا ہے ،مال روڈ پر موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرتے ہوئے بابر علی اور آصف آپس میں ٹکرانے کے باعث شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے میو ہسپتال پہنچا دیا گیا اسی طرح مال روڈ پر گاڑی تلے پاؤن آنے کے باعث 25 سالہ شوکت علی زخمی ہو گیا جبکہ ساؤنڈ سسٹم کے ٹرک سے گرنے کے باعث 23 سالہ علی رضازخمی ہوگیا ،پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی تقریر کے دوران 48 سالہ نامعلوم کارکن مقامی بینک کے سامنے بے ہوش ہوگیاجسے طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ۔

مزید : صفحہ اول