انصاف لائرز فورم نے جی پی او چوک رکاوٹوںاور ٹائرجلا کر بند کر دیا
لاہور(نامہ نگار) چیئرمین عمران خان پاکستان تحریک انصاف کی لاہور بند کرنے کی کال پرانصاف لائرز فورم نے جی پی او چوک ٹائرجلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا، انصاف لائرز ونگ پنجاب کے صدر فیاض مہر سمیت دیگر رہنما کارکنوں اور وکلاءسے خطاب کرتے رہے ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لاہور بند کرنے کی کال پر انصاف لائرز فورم صبح سویرے ہی جی پی او چوک پہنچ گئے ، تحریک انصاف لائرز فورم پنجاب کے صدر فیاض مہرکے علاوہ شاہد نسیم گوندل ایڈووکیٹ، مدثر چودھری،مظہر جوئیہ، انیس ہاشمی سمیت دیگر وکلاءرہنماﺅں اور کارکنوں نے ٹائر جلا کر لکشمی چوک ، ضلع کونسل اور چیئرنگ کراس کی طرف سے آنے والی ٹریفک بند کر دی اور شدید نعرے بازی کی، انصاف لائرز فورم پنجاب کے صدر فیاض مہر، شاہد نسیم گوندل ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاءرہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کی شفاف تحقیقات تک تحریک انصاف احتجاج جاری رکھے گی، تحریک انصاف دھاندلی کی بنیاد پر بننے والی جمہوریت کو نہیں مانتی، عام انتخابات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور دھاندلی میں ملوث تمام ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔